رسائی کے لنکس

ایشیا کپ: پاکستان کی 21 رنز سے فتح


ڈھاکا میں کھیلے جانے والے چار ملکی ایشیاء کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 21 رنز سے شکست دے دی۔

اتوار کو ہونے والے اس میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنائے۔

ابتدائی بلے باز محمد حفیظ نے سات چوکوں کی مدد سے 89 اور ناصر جمشید نے 54 رنز بنائے۔ بعد ازاں پاکستانی بیٹنگ لائن جم کر نہ کھیل سکی اور بہت کم اسکور کے ساتھ اس کے کھلاڑی پویلین لوٹنے لگے لیکن آخری اووز میں عمر گل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 25 گیندوں پر 39 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی طرف سے سب سے زیادہ وکٹیں شہادت حسین نے حاصل کیں جنہوں نے آٹھ اوورز میں 53 رنز دے کر تین پاکستانی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم انچاسویں اوورز میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ مشفق الرحمن اور تمیم اقبال نے 64، 64 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی طرف سے عمر گل نے تین، محمد حفیظ، سعید اجمل اور شاہد آفریدی نے دو، دو جب کہ اعزاز چیمہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

محمد حفیظ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ایشیا کپ کا دوسرا میچ بھارت اور سری لنکا کے درمیان منگل کو ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG