رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے جنوری میں دورہ پاکستان کا امکان


بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نے کہا ہے کہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے آئندہ ماہ دورہ پاکستان کی تجویز پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مذاکرات ہورہے ہیں۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نے کہا ہے کہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے آئندہ ماہ دورہ پاکستان کی تجویز پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مذاکرات ہورہے ہیں۔

'بی سی بی' کے صدر نظم الحسن کے مطابق مذاکرات کا مقصد مجوزہ دورے کے لیے مناسب ٹائم ٹیبل ترتیب دینا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ 'ای ایس پی این کرک انفو' کو دیے جانے والے ایک انٹرویو میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے بتایا کہ مذاکرات میں ایک ایسا شیڈول ترتیب دینے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے تحت بنگلہ دیشی ٹیم 17 جنوری سے شروع ہونے والے 'بنگلہ دیش پریمیئر لیگ' سے قبل مختصر مدت کے لیے پاکستان کا دورہ کرسکے۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو یہ مجوزہ دورہ رواں سال اپریل میں کرنا تھا لیکن ایک بنگلہ دیشی عدالت نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر دو طرفہ سیریز کھیلنے کے لیے ٹیم کو پاکستان جانے سے روک دیا تھا۔

'بی سی بی' کے صدرنظم الحسن نے گزشتہ ماہ اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بنگلہ دیش نے اس مجوزہ دورے کے بارے میں 'پی سی بی'کو تحریری یقین دہانی کرائی ہے۔

جمعے کو کرکٹ ویب سائٹ کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں نظم الحسن کا کہنا تھا کہ مجوزہ دورے پر پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا یہ دوسرا دور ہے۔ اس سے قبل بات چیت کے پہلے دور میں سیکیورٹی کے معاملات طے کیے گئے تھے جنہیں 'بی سی بی' کے صدر نے اطمینان بخش قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دورے سے قبل بنگلہ دیشی کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا لیکن، ان کے بقول، بورڈ کسی کو بھی دورے کے لیے مجبور نہیں کرے گا۔

واضح رہے کہ مارچ 2009ء میں پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ہونے والے دہشت گردحملے کے بعد غیر ملکی کرکٹ ٹیمیں پاکستان آ کر کھیلنے سے انکار کرتی رہی ہیں اور اسی سبب پاکستان کو 2011ء کے کرکٹ ورلڈ کپ کی شریک میزبانی سے بھی ہاتھ دھونا پڑے تھے۔

واقعے کے بعد سے پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اور غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان آکر کھیلنے پر آمادہ کرنے کی کوششیں کرتا رہا ہے لیکن اسے تاحال اس مقصد میں کامیابی نہیں ہوئی ہے۔
XS
SM
MD
LG