رسائی کے لنکس

پہلا ٹی20: بنگلہ دیش نے بھارت کو 7 وکٹوں سے ہرادیا


بنگلہ دیش نے ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ میں بھارت کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نئی دہلی میں اتوار کے روز کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی میچ میں بنگلہ دیش نے بھارت کو ہرا کر تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

بنگلہ دیش کی جیت میں مشفق الرحیم نے خاص کردار ادا کیا۔ انہوں نے 43 گیندوں پر ناقابل شکست 60 رنز کی اننگ کھیلی۔

دہلی میں کھیلے گئے سیریز کے اس پہلے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔

بھارت کو پہلا نقصان پہلے ہی اوور کی آخری گیند پر اٹھانا پڑا۔ جب کپتان روہت شرما شفیع الاسلام کو دو چوکے لگانے کے بعد ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

اس کے بعد دھون اور راہول نے مل کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی تاہم راہول بھی ساتویں اوور میں 15 رنز بناکر امین الاسلام کی گیند پر کپتان محمود اللہ کو کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد شیکھر دھون نے شری یاس ایر کے ساتھ مل کر اسکور 70 تک پہنچایا۔ اس موقع پر ایر 13 گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 22 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ انہیں امین الاسلام نے محم نعیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔

بھارت کی چوتھی وکٹ 15ویں اوور میں 95 رنز پر گری۔ جب شیکھر دھون 42 گیندوں پر 41 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

اس کے 7 رنز بعد شیوم دوبے کو عفیف حسین نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کر دیا۔

بھارت کے آؤٹ ہونے والے چھٹے بیٹسمین وکٹ کیپر رشبھ پنت تھے جنہوں نے 26 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔ ان کی وکٹ شفیع الاسلام نے حاصل کی۔

یوں بھارت نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے شفیع الاسلام اور امین الاسلام نے دو دو اور عفیف حسین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جیت کے لیے 149 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو شروع میں ہی نقصان اٹھانا پڑا۔ جب اوپنر لٹن داس پہلے ہی اوور میں 7 رنز بنا کر چلتے بنے۔ انہیں چہار کی گیند پر راحول نے کیچ آؤٹ کیا۔

اس کے بعد محمد نعیم اور سومیا سرکار میں 46 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد نعیم تھے. جو آٹھویں اوور میں 26 رنز بنا کر چہار کو وکٹ دے بیٹھے۔ ان کا کیچ شیکھر دھون نے لیا۔

سومیا سرکار اور وکٹ کیپر مشفق الرحیم میں تیسری وکٹ کی شراکت میں 60 رنز کا اضافہ ہوا۔ سومیا سرکار 17ویں اوور کی آخری گیند پر 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں خلیل احمد نے بولڈ کیا۔

بنگلہ دیش نے مزید کوئی وکٹ گنوائے بغیر 19.3 اوورز میں 154 رنز بنا کر یہ میچ جیت لیا۔

مشفق الرحیم 60 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین کپتان محموداللہ تھے۔ جنہوں نے 15 رنز بنائے۔ مشفق الرحیم کو مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

میچ جیت کر بنگلہ دیش نے تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

بنگلہ دیش کیلئے یہ جیت اس لیے بھی اہم تھی کہ چند ہی روز پہلے شکیب الحسن پر آئی سی سی نے بوکیز کی طرف سے رابطے کرنے کے بارے میں اطلاع نہ دینے پر تاحیات پابندی عائد کر دی تھی۔

XS
SM
MD
LG