رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش: مزدور پولیس تصادم، درجنوں زخمی


بنگلہ دیش کے دارلحکومت ڈھاکہ کے نواح میں پولیس اور ریڈی میڈ ملبوسات کے کاریگروں کے درمیان ہونے والی پُر تشدد جھڑپوں میں درجنوں لوگ زخمی ہوگئے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ ہنگامہ ہفتے کی صبح تقریباً ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوا، جب ڈھاکہ سے 30کلومیٹر شمال میں آشولیہ کے صنعتی علاقے میں واقع ریڈی میڈ کپڑوں کے کارخانوں میں کام کرنے والے ہزاروں مزدور تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔

ناراض مزدوروں نے کپڑے کے کئی کارخانوں میں توڑ پھوٹ کی اور کئی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا۔ اُنھوں نے ڈھاکہ سے تنگائیل جانے والی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک کے نظام کو درہم برہم کردیا، جِس کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔

مقامی پولیس کے سربراہ، سراج الاسلام نے بتایا کہ بے قابو ہجوم نے ملبوسات کی فیکٹریوں پر حملے کیے، گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور جب پولیس نے ڈھاکہ تنگائیل ہائی وے پر ٹریفک بحال کرنے کی کوشش کی تو اُن پر سنگ باری بھی کی گئی۔

اسلام نے اعتراف کیا کہ پولیس نے بے قابو بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے ربڑ کے بلیٹ داغے اور آنسو گیس کے گولے پھینکے۔

پولیس کے سربراہ نے دعویٰ کیا ہے کہ چند مظاہرین نے گولیاں بھی چلائیں۔

عہدے دار کے مطابق، 40پولیس اہل کار زخمی ہیں جب کہ مزدوروں کی یونین کا کہنا ہے کہ 100سے زیادہ مزدور زخمی ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG