رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش سمندر میں پھنسے ہوئے روہنگیا پناہ گزینوں کو آنے کی اجازت دے، ہیومن رائٹس واچ


ملیشیا کی میری ٹائم فورس نے روہنگیا پناہ گزینوں سے بھری ہوئی کشتی کی یہ تصویر جاری کی ہے۔ 5 اپریل 2020
ملیشیا کی میری ٹائم فورس نے روہنگیا پناہ گزینوں سے بھری ہوئی کشتی کی یہ تصویر جاری کی ہے۔ 5 اپریل 2020

انسانی حقوق کے عالمی ادارے ہیومن رائٹس واچ نے بنگلہ دیش پر زور دیا ہے کہ وہ ان دو کشتیوں کو اپنے ساحل پر آنے کی فوری اجازت دے جن پر روہنگیا پناہ گزین سوار ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال میں پھنسے ہوئے یہ پناہ گزین کئی ہفتوں سے خوراک اور پانی کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔

ہیومن رائٹس واچ نے بنگلہ دیش پر زور دیا ہے کہ وہ سمندر میں پھنسے ہوئے روہنگیاؤں کو قبول کرے۔

بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ عبدالمنعم نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ اب وہ کسی روہنگیا کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، کیونکہ ہمیشہ بنگلہ دیش سے ہی دوسرے ملکوں کی ذمہ داری قبول کرنے کا کہا جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی وبا کوویڈ 19 کی وجہ سے بہت سے بنگلہ دیشی اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں، اس لیے ہمارے پاس غیر ملکیوں یا پناہ گزینوں کو چھت مہیا کرنے کے لیے کوئی جگہ نہیں رہی۔

میانمر میں جبر و ظلم سے بھاگ کر تقریباً دس لاکھ روہنگیا، بنگلہ دیش کے پناہ گزین کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔

ہیومن رائٹس واچ کے ایشیا کے لیے ڈائریکٹر بریڈ ایڈمز نے کہا ہے کہ میانمر کی فوج کے ظالمانہ جرائم کے نتیجے میں بنگلہ دیش کو بھاری بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے، لیکن یہ اس بات کا جواز نہیں بنتا کہ کشتیوں میں بھرے ہوئے پناہ گزینوں کو سمندر میں مرنے کے لیے چھوڑ دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم، روہنگیاؤں کو پناہ اور تحفظ دینے کی بنا پر خود کو انسانیت کی ماں کہتی ہیں۔ لیکن، اب ان کی حکومت اس سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔

ایشیا کے ڈائریکٹر ایڈمز نے مزید کہا کہ متعلقہ حکومتوں کو بنگلہ دیش پر زور دینا چاہیے کہ وہ سمندر میں پھنسے ہوئے روہنگیاؤں کو دو کشتیوں کو اپنے ساحل پر آنے کی اجازت دے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ انہیں اور اس ملک میں پناہ گزینوں سے بھرے ہوئے کیمپوں کے لیے دل کھول کر مالی مدد فراہم کریں۔

XS
SM
MD
LG