رسائی کے لنکس

بنگلا دیش:نئے انتخابات کی حمایت میں خالدہ ضیاء کی ملک گیر مہم کا آغاز


سابق وزیراعظم خالدہ ضیا
سابق وزیراعظم خالدہ ضیا

بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا نے اپنے ہزاروں حامیوں کے ہمراہ نئے انتخابات کرانے کے مطالبے کے ساتھ ملک گیر دورے کا آغازکیا ہے۔

پیر کو وہ کم ازکم ایک ہزارگاڑیوں پر مشتمل قافلے کے ساتھ دارالحکومت ڈھاکا سے شمال مشرقی شہر سلہٹ کے لیے روانہ ہوئیں۔

توقع ہے کہ بیگم ضیا اس سفر کے دوران تقریباً چھ ریلیوں سے خطاب کریں گی۔ انھوں نے عبوری حکومت کی زیرنگرانی نئے انتخابات کا مطالبہ کررکھا ہے۔

بنگلا دیش کی پارلیمنٹ رواں سال ایک آئینی ترمیم کے ذریعے ملک میں غیر جانبدار عبوری حکومت کی زیر نگرانی انتخابات منعقد کرانے کے نظام کو ختم کرنے کی منظوری دے چکی ہے۔

خالدہ ضیا کی سیاسی جماعت بنگلا دیشی نیشنلسٹ پارٹی کی طرف سے اس ترمیم پر رائے شماری کا بائیکاٹ کیا گیا تھا لیکن حکمران جماعت نے اراکین نے اسے منظور کرالیا تھا۔

حزب مخالف کے اراکین نے وزیراعظم شیخ حسینہ واجد پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اس آئینی ترمیم کےتحت غیر جانبدار نگران حکومت کی عدم موجودگی میں دھوکہ دہی سے اپنی جماعت کو اقتدار میں رکھنا چاہتی ہیں۔

بنگلا دیش کی سیاست گزشتہ دو دہائیوں سے حسینہ واجد اور خالدہ ضیاء کی جماعتوں کےدرمیان پرتشدد مخالفت کا شکار رہی ہیں اور ان میں سے ہر جماعت حزب مخالف میں آنے کے بعد دوسری پر بدعنوانی اور الزامات لگا کر احتجاج کرتی رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG