رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش میں سعودی سفارت کار قتل


بنگلہ دیشی حکام نے کہاہے کہ ایک نامعلوم مسلح شخص نے منگل کی صبح دارالحکومت ڈھاکہ کی ایک سڑک پر ایک سعودی سفارت کار کو ہلاک کردیا۔

پولیس کا کہناہے کہ انہیں ڈھاکہ کے سعودی سفارت خانے کا ایک عہدے دار خلف العلی گلشن کے علاقے میں اپنے گھر کے قریب سڑک پر ملا۔ اسے قریب سے سینے میں گولی ماری گئی تھی۔

زخمی سفارت کار کو اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر ہلاک ہوگیا۔

حکام سفارت کار کے قتل کی وجوہات اوراسباب کا پتا چلانے کے لیے تحقیقات کررہے ہیں۔

ایک سینیئر پولیس آفیسر نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ سعودی سفارت کار اس علاقے میں کئی برسوں سے اکیلا رہ رہا تھا اور وہ رات گئے باقاعدگی سے سیر کرتا تھا۔

پولیس آفیسر کا یہ بھی کہناتھا کہ اس کے گھر پر تعینات ایک سیکیورٹی گارڈ نے سفارت کار کو گولی مارنے کے بعد ایک شخص کو فوری طورپر ایک کار میں فرار ہوتے ہوئے دیکھا۔ لیکن سیکیورٹی گارڈ یہ نہ بتاسکا کہ آیا کار میں کوئی اور شخص بھی موجودتھا یا نہیں۔

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں تعینات سعودی سفارتی عملے کے حفاظتی انتظامات میں اضافہ کرے۔

مسلم اکثریتی ملک بنگلہ دیش کے سعودی عرب کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔ اور یہ خلیجی ملک بڑی تعداد میں بنگلہ دیشی کارکنوں کو روزگار فراہم کررہاہے۔
لیکن گذشتہ سال اکتوبر میں سعودی حکام کی جانب سے 8 بنگلہ دیشی کارکنوں کو ایک مسلح ڈکیٹی میں ملوث ہونے کے جرم میں ، جس میں ایک مصری سیکیورٹی گارڈ ہلاک ہوگیاتھا، موت کی سزادے دی تھی ، جس کے بعدسے دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی دیکھی جارہی تھی۔

XS
SM
MD
LG