رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش میں جنوبی ایشیائی کھیلوں کا شان دار افتتاح


بنگلہ دیش میں جنوبی ایشیائی کھیلوں کا شان دار افتتاح
بنگلہ دیش میں جنوبی ایشیائی کھیلوں کا شان دار افتتاح


بنگلہ دیشی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ نے جمعرات کے دِن چار بج کر 45 منٹ پر ڈھاکہ کے بُنگو بُندھو نیشنل سٹیڈیم میں گیارہویں ایشیائی کھیلوں کا افتتاح کیا۔

بارہ دِنوں تک چلنے والے اِن مقابلوں میں سارک کے آٹھوں رکن ممالک کے تقریباً 18 سو کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

سارک گیمز مقابلوں میں 23طرح کے کھیلوں کا مقابلہ ہو رہا ہے جِن میں تیر اندازی، ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، مکے بازی، فٹ بال اور کبڈی جیسے کھیل بھی شامل ہیں۔ پہلی بار کرکٹ کو بھی ان کھیلوں میں شامل کیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش تیسری بار اِس مقابلے کی میزبانی کر رہا ہے جسے جنوبی ایشیا کا اولمپک بھی کہا جاتا ہے۔ اِس سے قبل، 1958ء اور 1993ء میں بھی علاقائی کھیل ڈھاکہ میں منعقد کیے جا چکے ہیں۔ اُن دِنوں اِنھیں ساؤتھ ایشین گیمز کی بجائے ساؤتھ ایشین فیڈریشن گیمز کہا جاتا تھا۔

رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں سینکڑوں فوجی عہدے داروں، نیم عسکری دستوں کے اہل کاروں اور سکول کے طلبہ و طالبات نے بھی حصہ لیا۔

دولتِ مشترکہ کھلیوں میں نشانے بازی میں گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی آصف حسین خان نے افتتاحی تقریب میں بنگلہ دیش کا پرچم بلند کیا۔ شام میں شیخ حسینہ واجد کے ہاتھوں کھیلوں کے رسمی افتتاح سے چند گھنٹے قبل ڈھاکہ میں واقع سارک فوارے کے پاس گیمز میں شرکت کرنے والے آٹھوں ممالک، یعنی بنگلہ دیش، پاکستان، بھارت، نیپال، مالدیپ، سری لنکا، بھوٹان اور افغانستان کے قومی پرچم لہرائے گئے۔

XS
SM
MD
LG