رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کو ون ڈے سیریز میں ہرادیا


فائل
فائل

بنگلہ دیش نے ہوم گراؤنڈ پر ہونے والی یہ مسلسل تیسری ون ڈے سیریز جیتی ہے جس سے ٹائیگرز کی 'فارم' کا اندازہ ہوتا ہے۔

بنگلہ دیش نے تیسرے اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں جنوبی افریقہ کو نو وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی ہے۔

بنگلہ دیش نے ہوم گراؤنڈ پر ہونے والی یہ مسلسل تیسری ون ڈے سیریز جیتی ہے جس سے ٹائیگرز کی 'فارم' کا اندازہ ہوتا ہے۔

بنگلہ دیش جنوبی افریقہ کو ہرانے سے قبل رواں سال عالمی چیمپئن بھارت اور پاکستان کو ایک روزہ میچوں کی سیریز میں شکست دے چکا ہے۔

بدھ کو چٹا گانگ میں ہونے والے میچ کو بارش کے باعث 40 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا جس میں مہمان جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بعد ازاں اس کے گلے پڑ گیا۔

پروٹیز بلے بازبنگلہ دیشی بالروں کے سامنے ابتدا سے ہی بے بس نظر آئے اور مقررہ 40 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر بمشکل 168 رنز بنا پائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈومینی 51 اور ملر 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ کوئی بلے باز 20 کا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 33 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مستفیض الرحمن اور روبیل حسن نے دو، دو جب کہ مشرف مرتضیٰ اور محموداللہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواباً بنگلہ دیش نے 169 رنز کا نسبتاً آسان ہدف 27 ویں اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی سومیا سرکار تھے جنہوں نے 75 گیندوں پر 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور 'مین آف دی میچ' اور 'مین آف دی سیریز' قرار پائے۔ تمیم اقبال نے 61 رنز اسکور کیے۔

سیریز کا پہلا میچ جنوبی افریقہ نے آٹھ وکٹوں سے جیتا تھا جب کہ دوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے سات وکٹوں سے فتح حاصل کرکے سیریز برابر کردی تھی۔

ایک روزہ میچوں کی سیریز مکمل ہونے کے بعد اب دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلیں گی جس کا آغاز آئندہ ہفتے ہوگا۔

XS
SM
MD
LG