رسائی کے لنکس

ویسٹ انڈیز کی آسٹریلیا کے خلاف چھ وکٹوں سے فتح


ویسٹ انڈیز ٹیم فتح کے بعد خوشی کا اظہار کر رہی ہے۔
ویسٹ انڈیز ٹیم فتح کے بعد خوشی کا اظہار کر رہی ہے۔

آخری اوور میں 12 رنز درکار تھے کہ کپتان ڈیرن نے دو چھکے لگا کر ویسٹ انڈیز کو فتح سے ہمکنار کیا۔

بنگلہ دیش میں جاری پانچویں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے سپرٹین کے گروپ ٹو کے ایک میچ میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔

جمعہ کو میرپور میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر178 رنز بنائے۔

178 رنزکے تعاقب میں ویسٹ انڈیز جب بیٹنگ کرنے آئی تو اسے 50 رنز کے مجموعی اسکور پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا لیکن کرس گیل نے ٹیم کو سنبھالا دیا، دو چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

میچ اُس وقت ایک دلچسپ صورت اختیار کر گیا جب آخری اوور میں 12 رنز درکار تھے کہ کپتان ڈیرن نے دو چھکے لگا کر ویسٹ انڈیز کو فتح سے ہمکنار کیا۔ انھوں نے 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

آسٹریلیا کی طرف سے اسٹارس نے دو جبکہ بولنجر اور موئر ہیڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

میکس ویل نے تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 45 رنز اسکور کیے جب کہ دوسرے قابل ذکر بلے باز بریڈ ہوج تھے جنہوں نے 35 رنز اسکور کیے۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے سیموئل بدری، مارلن سیموئلز اور سنیل نرائن نے دو، دو جب کہ کرشمار سنتوکی اور براوو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

منگل کو کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو 73 رنز سے ہرا دیا تھا جبکہ آسٹریلیا کو پاکستان کے ہاتھوں 16 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

گروپ ٹو میں ویسٹ انڈیز چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ بھارت کے چار اور پاکستان کے دو پوائنٹس ہیں۔ آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کوئی بھی پوائنٹس لینے میں ناکام رہے ہیں۔

ویسٹ انڈیز اپنا اگلا میچ یکم اپریل کو پاکستان کے خلاف کھیلے گا۔
XS
SM
MD
LG