رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش: جنگی جرائم کے لیے خصوصی عدالت کا قیام


وزیرِ اعظم شیخ حسینہ
وزیرِ اعظم شیخ حسینہ

بنگلہ دیش کی حکومت نے 1971ء میں ملک کی جنگِ آزادی کے دوران جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے والے لوگوں پر مقدمے چلانے کے لیے خصوصی عدالت قائم کردی ہے۔

بنگلہ دیش کے وزیرِ قانون شفیق احمد نے جمعرات کے روز کہا کہ خصوصی عدالت کے تین جج ہوں گے اور سربراہ ہائى کورٹ کے جسٹس نظام الحق ہوں گے۔ شفیق احمد نے اُن لوگوں پر مقدمے چلانے کے لیے تفتیش کاروں اور وکلائے استغاثہ کی ٹیمیں بھی نامزد کر دی ہیں جن پر آزادی کی جنگ کے دوران پاکستان کی مدد کرنے اور جنگی جرائم کا مرتکب ہونے کا الزام ہے۔

بنگلہ دیش نے نو ماہ تک جنگ کے بعد 1971ء میں پاکستان سے آزادی حاصل کی تھی۔

بنگلہ دیش کی حکومت نے 1973ء میں جنگی جرائم کے الزامات کے تحت مقدمے چلانے شروع کیے تھے۔ لیکن دو سال بعد ایک فوجی انقلاب کے دوران ملک کی آزادی کے لیڈر شیخ مجیب الّرحمٰن کے قتل کر دیے جانے کے بعد یہ مقدمات رُک گئے تھے۔

شیخ مجیب کی صاحبزادی اور موجودہ وزیرِ اعظم شیخ حسینہ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران وعدہ کیا تھا کہ وہ مبیّنہ جنگی جرائم کے الزامات کے تحت دوبارہ مقدمے چلانا شروع کریں گی۔

XS
SM
MD
LG