رسائی کے لنکس

ایشیا کپ: بنگلہ دیش کا فاتحانہ آغاز، سری لنکا کو شکست


بنگلہ دیش نے ایشیا کپ کے حصول کی مہم کا آغاز فاتحانہ انداز میں کیا ہے اور افتتاحی میچ میں سری لنکا کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 137 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی ہے۔

مشفق الرحیم نے کیریئر کی بہترین اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا۔اس شاندار بیٹنگ پرفارمنس پرانہیں’ مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔

بنگلہ دیشی ٹیم نے جیت کے لئے 261 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 124 پر ڈھیر ہوگئی۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی اننگز کی طرح سری لنکا کا آغاز بھی مایوس کن رہا۔اوپنرز تھارنگا اور مینڈس صرف 28 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد سری لنکن ٹیم شدید دباؤ کا شکار ہو گئی اور بنگلہ دیشی بولرز نے اُسے سنبھلنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ یوں یکے بعد دیگرے بیٹسمین کریزپر آتے اور پویلین واپس جاتے رہے۔

مشفق الرحیم کی دھواں دار بیٹنگ اور بولرز کی شاندار پرفارمنس کے باعث سری لنکا کو میچ میں واپسی کا کوئی موقع نہ مل سکا۔تھارنگا، مینڈس، پریرا، میتھیوز اور لکمل کے سوا کوئی بھی سری لنکن بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکا اور پوری ٹیم 35 اعشاریہ ایک اوور میں 124 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

اس سے قبل شروعات میں جلد نقصان کے بعد مشفق الرحیم اور محمد متھن کی شاندار شراکت کے باعث بنگلادیشی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49 اعشاریہ 3 اوورز میں 261 رنز بنائے۔

مشفق الرحیم نے ایک روزہ کیریئر میں اپنی سب سے عمدہ اننگز کھیلی اور 144 رنز بنائے۔ محمد متھن نے 63 رنز بنائے۔ باقی بیٹسمین سری لنکن بولرز کا جم کا سامنا نہ کرپائے اور جلد آؤٹ ہوتے رہے۔

محمود اللہ اور مصدق حسین ایک، ایک، مہدی حسن مرزا 15، مشرفی مرتضیٰ 11، روبل حسین 2 جبکہ مستفیض الرحمان 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

تمیم اقبال شدید زخمی ہونے کے باوجود بیٹنگ کے لئے آئے اور مشفق الرحیم کے ساتھ آخری وکٹ کی شراکت میں 31 رنز بنائے۔

تمیم اقبال میچ کے دوسرے ہی اوور میں سورنگا لکمل کی گینڈ پر پُل شاٹ کھیلنے کی کوشش میں گیند کلائی پر لگنے سے زخمی ہوگئے تھے۔ اُس وقت انہوں نے تین گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 رنز بنائے تھے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ تمیم اقبال ایشیا کپ کے مزید میچز نہیں کھیل سکیں گے۔ وہ جلد وطن واپس چلے جائیں گے۔ اُن کی جگہ ناظم الحسن شانتو ممکنہ طور پر متبادل کھلاڑی ہوں گے۔

آج کے میچ میں لاستھ ملنگا نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 23 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ دھنن جایا ڈی سلوا نے 2 جبکہ لکمل، اپنسو اور پریرا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ایونٹ کا دوسرا میچ اتوار کو پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG