رسائی کے لنکس

بینک آف چائنا پاکستان پہنچ گیا


بینک آف چائنا نے پاکستان میں اپنے باقاعدہ آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔

اس مناسبت سے اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے صدر ممنون حسین خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں بینک آف چائنا کے آپریشن کے آغاز کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔

صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ اپنے جغرافیائی محل وقوع کے باعث پاکستان خطے کی اقتصادی سرگرمیوں کا فطری مرکز ہے۔

اُنھوں نے اس موقع پر پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے مثبت اثرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں پاکستان کے اسٹیٹ بینک کے گورنر طارق باجوہ نے کہا کہ بینک آف چائنا کا شمار دنیا کے بڑے اور ممتاز بینکوں میں ہوتا ہے اور اُن کے بقول اس کے پاکستان میں آپریشن سے مقامی بینکنگ سیکٹر میں بھی بہتری آئے گی۔

چین پاکستان کا قریبی اتحادی ہے اور بیجنگ نے پاکستان میں توانائی کے علاوہ مختلف شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے جب کہ دونوں ملکوں کے درمیان اربوں ڈالر کے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔

اس منصوبے کے تحت چین کے شہر کاشغر سے پاکستان کے جنوب مغرب میں واقع ساحلی شہر گوادر تک مواصلات، بنیادی ڈھانچے، توانائی اور صنعتوں کا جال بچھایا جا رہا ہے جسے حکام دونوں ملکوں سمیت جنوب ایشیائی خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے بہت اہم قرار دیتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG