رسائی کے لنکس

پاکستان: دو ٹریفک حادثات میں 24 ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ضلع کرک میں ایک ٹرالر مخالف سمت سے آنے والی مسافر بس سے ٹکرا گیا جو کم از کم 16 افراد کی موت کا سبب بنا، جب کہ دادو میں مسافر بس کے حادثے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختون خواہ اور صوبہ سندھ میں ہفتہ کو دو ٹریفک حادثات میں کم از کم 24 افراد ہلاک اور لگ بھگ چالیس زخمی ہو گئے۔

خیبرپختونخواہ کے ضلع کرک میں ہفتہ کی صبح ایک ٹرالر مخالف سمت سے آنے والی مسافر بس سے ٹکرا گیا جو کم از کم 16 افراد کی موت کا سبب بنا جب کہ اس حادثے میں 30 سے زائد مسافر زخمی بھی ہوئے۔

مقامی حکام کے مطابق انڈس ہائی وے پر سپینہ بانڈہ نامی علاقے میں پیش آنے والے اس حادثے کے فوراً بعد امدای کارکنوں نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

دوسرا حادثہ صوبہ سندھ میں پیش آیا جہاں دادو شہر میں ایک مسافر بس الٹ گئی جس سے آٹھ افراد ہلاک ہو گئے، پولیس حکام کے مطابق بس میں عزا دار شریک تھے۔

پاکستان کا شمار دنیا کے ان ملکوں میں ہوتا ہے جہاں سڑک کے حادثات معمول کا حصہ ہیں اور سرکاری اندازوں کے مطابق ہر سال لگ بھگ 16 ہزار افراد ٹریفک حادثات میں اپنی جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG