رسائی کے لنکس

اوباما کی شکاگو میں صدارتی لائبریری کے منصوبے کی نقاب کشائی


امریکہ کے سابق صدر براک اوباما نے شکاگو شہر کے جنوب میں اپنی صدارتی لائبریری اور میوزیم کی تعمیر کے منصوبے کی نقاب کشائی کی ہے.

براک اوباما نے شکاگو ہی سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا۔

اس منصوبے کے ڈیزائن میں جدید عمارتیں جن میں ایک لائبریری، میوزیم، تقریب کے لیے مرکز کے ساتھ ساتھ بچوں کے لیے کھیل کی جگہ اور ممکنہ طور پر ایک ایتھلیٹک میدان بھی شامل ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "ہم چاہتے ہیں کہ یہ دنیا کا ایک ایسا ادارہ ہو جہاں نوجوانوں کو قیادت کرنے کی تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنی برادریوں، ملکوں اور دنیا کو تبدیل کرنے میں کردار ادا کر سکیں ۔"

اس موقع پر شکاگو شہر کے میئر رہم ایمانوئیل بھی موجود تھے جو ایک وقت میں سابق صدر اوباما کے چیف آف اسٹاف کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔

اس موقع پر اوباما نے اعلان کیا کہ وہ اور سابق خاتون اول مشل اوباما نے شکاگو میں موسم گرما کے دوران روزگار فراہم کرنے کے ایک پروگرام کے لیے 20 لاکھ ڈالر عطیہ دینے کا اعلان کیا ۔

اوباما فاؤنڈیشن کے مطابق اس منصوبے کے تحت تعمیر کی جانے والے عمارتوں میں میوزیم کی عمارت سب سے بلند ہو گی جہاں نمائش کی جگہ، عوامی تقریبات کی جگہ، دفاتر اور تعلیم سے متعلق جگہیں ہوں گی۔

براک اوباما نے کہا ان کی فاؤنڈیشن، جو اس منصوبے کی نگرانی کر رہی ہے، شکاگو پبلک لائبریری کی ایک برانچ کو یہاں منتقل کرنے کے امکان کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔

اوباما نے کہا کہ انہوں نے ایک ریکارڈنگ اسٹوڈیوز بنانے کے بارے میں بھی سوچا ہے جہاں نوجوان افراد کو موسیقی کی تربیت فراہم کی جا سکے، اس کے ساتھ ساتھ فلم کے ہدایت کاروں کے لیے بھی جگہ مختص کی جائے گی جو کمیونٹی کے کہانی کے بارے میں بات کر سکیں۔

اوباما نے ایسے کسی بھی خیال کو مسترد کر دیا کہ یہ لائبریری کسی اور شہر میں بنائی جا سکتی ہے۔ ابتدائی طور پر یہ تجویز کیا گیا تھا کہ امریکہ کی تین ریاستوں ایلونائے، نیویارک اور ہوائی میں سے کسی ایک ریاست میں یہ لائبریری بنائی جا سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG