رسائی کے لنکس

چار لاکھ روہنگیا مسلمانوں کے لیے بڑے کیمپ کی تعمیر


اہل کاروں کے مطابق، اس سلسلے میں 14000 گھر تعمیر کیے جائیں گے، جن میں سے ہر ایک میں چھ خاندان سما سکیں گے۔ اِن کی تعمیر آئندہ 10 دِن کے اندر مکمل ہوگی، جس کے لیے بنگلہ دیش میانمار سرحد پر آٹھ مربع کلومیٹر کا رقبہ مختص کیا گیا ہے

حکام کا کہنا ہے کہ چار لاکھ کے قریب روہنگیا مسلمانوں کو رہائش فراہم کرنے کے لیے حکومتِ بنگلہ دیش ایک بڑا کیمپ تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جو گذشتہ تین ہفتوں کے دوران ہمسایہ میانمار سے وارد ہوئے ہیں۔

اہل کاروں کے مطابق، اس سلسلے میں 14000 گھر تعمیر کیے جائیں گے، جن میں سے ہر ایک میں چھ خاندان سما سکیں گے۔ اِن کی تعمیر آئندہ 10 دِن کے اندر مکمل ہوگی، جس کے لیے بنگلہ دیش میانمار سرحد پر آٹھ مربع کلومیٹر کا رقبہ مختص کیا گیا ہے۔

حکومت نے کہا ہے کہ مہاجرین کی آبادکاری کے دوران اُن کی آمد و رفت محدود رہے گی۔

بنگلہ دیش کے امور داخلہ کے وزیر، اسد الزماں خان نے 10 ستمبر کو بتایا کہ ''روہنگیا مہاجرین کو کیمپ سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی''۔ ساتھ ہی، گاڑیوں کے ذریعے بنگلہ دیش میں اُن کے سفر پر بھی ممانعت ہوگی۔

اس کیمپ کی تعمیر بنگلہ دیشی فوج اور بین الاقوامی امدادی گروپوں کی مدد سے کی جائے گی، جس کا مقصد 25 اگست کو روہنگیا شدت پسندوں کی جانب سے میانمار کے فوجی اڈے اور پولیس چوکیوں پر دھاوا بولنے کے بعد شروع ہونے والی غیر معمولی بھگدڑ کی صورتِ حال سے نمٹنا ہے۔

کاکسز بازار
کاکسز بازار

انسانی حقوق کے عالمی گروپوں اور زندہ بچنے والوں کی روداد کے مطابق، میانمار کی فوج نے اس کا جواب ماورائے عدالت قتل، عصمت دری، دیہات کو نذر آتش کرنے اور تشدد کی دیگر کارروائیاں کرکے دیا ہے۔

حالیہ دِنوں، اقوام متحدہ نے میانمار میں جاری کارروائی کو ''نسل کشی کی عملی مثال'' قرار دیا۔

روہنگیا مسلمانوں کو کئی عشروں سے میانمار کی بودھ اکثریتی آبادی کے ہاتھوں مظالم اور امتیاز کا سامنا ہے۔ اُنھیں شہریت نہیں دی جاتی، حالانکہ اُن کی کئی نسلیں وہاں آباد ہیں۔

میانمار کی حکومت کا کہنا ہے کہ سینکڑوں روہنگیا مسلمان، جو زیادہ تر ''دہشت گرد'' ہیں، ہلاک ہوچکے ہیں، جب کہ روہنگیا کے 471 دیہات میں سے 176 خالی ہو چکے ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور انسانی حقوق کے دیگر گروپوں نے کہا ہے کہ شواہد سے پتا چلتا ہے کہ گذشتہ تین ہفتوں کے دوران میانمار کی فوج باقاعدہ ہدف بنا کر روہنگیا کے دیہات کو نذر آتش کرتی رہی ہے۔

ثبوت فراہم کیے بغیر، میانمار نے الزام لگایا ہے کہ روہنگیا باغیوں اور بھاگ نکلنے والے دیہاتیوں نے اپنے ہی گائووں کو آگ لگائی ہے۔

XS
SM
MD
LG