رسائی کے لنکس

نئی اور پرانی نسل کا امتزاج، سال 2015ء کے بہترین اداکار


’بینڈباجا بارات‘ کا نٹ کھٹ اور شریر لڑکا جب ’باجی راوٴمستانی‘ میں نمودار ہوا تو اپنے اسٹائل اور کیریکٹر کے حساب سے مرکزی کردار میں کچھ اس طرح ڈھلا کہ بڑے بڑے اداکار بھی تعریف کرنے پر مجبور ہوگئے

سال 2015 ء میں بالی وڈ کے کامیاب ترین اداکاروں کی فہرست کچھ پرانے تو کچھ نئے اداکاروں کے ناموں سے سجی ہے۔ آئیے نظر ڈالتے ہیں کہ کون کون سے اداکاروں نے اس سال اپنی اداکاری کی دھاک بٹھائی:

انیل کپور
سنہ90 کے عشرے میں باکس آفس پر راج کرنے والے انیل کپورنے زویا اختر کی فلم ’دل دھڑکنے دو‘ میں ثابت کر دیا کہ ان کا فن آج بھی ’جوان‘ ہے۔ اسٹار کاسٹ پر مشتمل ’دل دھڑکنے دو‘ میں انیل کپور نے مشکل دور سے گزرتے چالاک بزنس مین کا کردار اس خوبی سے ادا کیا کہ باقی ستاروں کی چمک ان کے سامنے ماند پڑ گئی۔

امیتابھ بچن
سجیت سرکار کی فلم ’پیکو‘ میں خبطی بوڑھے کا رول حقیقی انداز میں ادا کرکے امیتابھ بچن نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ اب بھی بالی وڈ کے شہنشاہ ہیں۔ دپیکا پڈکون کے وہمی باپ کے کردار نے امیتابھ کو سال کے بہترین اداکاروں کی صف میں لاکھڑاکیا ہے۔

آیشمان کھرانہ
پچھلے سال کی دو فلاپ فلموں کے بعد سنگر اور ایکڑ آیشمان کھرانہ کی واپسی ہوئی ’دم لگا کے ہیا‘ کے ذریعے۔ چھوٹے سے قصبے سے تعلق رکھنے والے اپنی پڑھی لکھی بیوی کے سامنے احساس کمتری کا شکار نوجوان کا کردار آیشمان نے بہت عمدگی سے نبھایا جسے دیکھنے والوں نے پسندیدگی کی سند بخشی۔

اکشے کمار
بالی وڈ کے کھلاڑی اکشے کمار نے فلم ’بے بی‘ میں اسپیشل فورس کے انڈر کور افسر کی بڑے پردے پر عکاسی کچھ اس طرح کی کہ لوگوں کو بالکل حقیقی لگا۔یہ کردار اکشے کی دوسری فلم ’سنگھ از بلنگ‘ میں کئے گئے رول سے بالکل مختلف تھا۔

رنویرسنگھ
’بینڈ باجا بارات‘ کا نٹ کھٹ اورشریرلڑکا جب ’باجی راوٴمستانی‘ میں نمودار ہوا تو اپنے اسٹائل اور کیریکٹر کے حساب سے مرکزی کردار میں کچھ اس طرح ڈھلا کہ بڑے بڑے اداکار بھی تعریف کرنے پر مجبورہوگئے۔رنویر سنگھ نے ’باجی راوٴ مستانی‘ کا مشکل کردار خوبی سے ادا کر کے بتا دیا کہ وہ ایک ورسٹائل ایکٹر ہیں۔

عرفان خان
فلم ’تلور‘ میں عرفان خان جاسوس کے روپ میں نظر آئے۔ عرفان جیسے منجھے ہوئے اداکار کے بارے میں یہ کہنا کافی ہے کہ وہ اداکاری کے ہر سانچے میں بخوبی فٹ ہوجاتے ہیں۔

ورن دھون
بالی وڈ کے نئے ڈانسنگ بوائے اور دل پھینک عاشق کے بارے میں کون سوچ سکتا تھا کہ وہ ’بادل پور‘ میں رگھو جیسا رول بھی ادا کرپائیں گے۔ لیکن ورن دھون نے ایسا کر دکھایا۔ ورن دھون نے عمد ہ اداکاری سے بتادیا کہ وہ بالی وڈ میں بہت عرصے رہنے والے ہیں۔

رنبیر کپور
چاکلیٹی ہیرو، رنبیر کپور کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ امتیاز علی کی فلم ’تماشا‘ میں رنبیر کپور نے مرکزی کردار میں جو اداکاری کی وہ ان کے کیرئیر کی اب تک کی بہترین پرفارمنس تھی۔ روٹین میں پھنسے ایسے شخص کا جس کا خواب کچھ اور بننا ہوتا ہے، اس کا رول رنبیر نے شاندار طریقے سے ادا کیا۔

XS
SM
MD
LG