رسائی کے لنکس

گریمی ایوارڈز: امریکی گلوکار بیونسے اور ٹیلر سوئفٹ نے نئی تاریخ رقم کر دی


ٹیلر سوئفٹ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد تصویر کے لیے پوز دے رہی ہیں۔
ٹیلر سوئفٹ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد تصویر کے لیے پوز دے رہی ہیں۔

امریکی گلوکارہ بیونسے اور ٹیلر سوئفٹ نے 63 ویں گریمی ایوارڈز میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

گریمی ایوارڈ کو موسیقی کی دنیا کا سب سے بڑا ایوارڈ قرار دیا جاتا ہے۔ اتوار کو امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں گریمی ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف کیٹیگریز میں نامزد فن کاروں میں سے فاتحین کا اعلان کیا گیا۔

بیونسے نے اتوار کو مزید چار ایوارڈز اپنے نام کیے جس کے بعد وہ گریمی ایوارڈز کی تاریخ میں سب سے زیادہ ایوارڈ حاصل کرنے والی خاتون بن گئی ہیں۔

بیونسے سے قبل الیسن کراس سب سے زیادہ گریمی ایوارڈز رکھنے والی خاتون فن کارہ تھیں جنہوں نے 27 ایوارڈز حاصل کیے تھے جب کہ بیونسے کے گریمی ایوارڈز کی تعداد اب 28 ہو چکی ہے۔

امریکی گلوکارہ بیونسے (بائیں) ریپر میگن تھی اسٹالین کے ہمراہ
امریکی گلوکارہ بیونسے (بائیں) ریپر میگن تھی اسٹالین کے ہمراہ

ٹیلر سوئفٹ کے 'فولک لور' کو 'البم آف دی ایئر' قرار دیا گیا ہے جس کے بعد وہ تین مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کرنے والی پہلی خاتون گلوکارہ بن گئی ہیں۔

برطانوی گلوکارہ دعا لیپا کے البم 'فیوچر نوسٹلجیا' کو بہترین پاپ ووکل البم قرار دیا گیا جب کہ گیبی ولسن کے گانے 'آئی کانٹ بریتھ' کو سال کا بہترین گانا قرار دیا گیا ہے۔ یہ گانا گزشتہ برس ایک سیاہ فام امریکی جارج فلائیڈ کی موت کے بعد شروع ہونے والی تحریک 'بلیک لائیوز میٹر' سے متاثر ہو کر لکھا گیا تھا۔

امریکی ریپر میگن تھی اسٹالین کو ابھرتی ہوئی گلوکارہ قرار دیا گیا اور انہوں نے اپنے گانے 'سیویج' میں زبردست پرفارمنس کی بنیاد پر دو گریمی ایوارڈ حاصل کیے۔

گیبی ولسن کے گانے 'آئی کانٹ بریتھ' کو سال کا بہترین گانا قرار دیا گیا ہے۔
گیبی ولسن کے گانے 'آئی کانٹ بریتھ' کو سال کا بہترین گانا قرار دیا گیا ہے۔

جنوبی کوریا کے مشہور پاپ بینڈ 'بی ٹی ایس' کا 'ڈائنامائٹ' بہترین گروپ پرفارمنس کا ایوارڈ جیتنے میں ناکام رہا۔ اُن کے مدِ مقابل لیڈی گاگا اور آریانا گرانڈے کی 'رین آن می' میں پرفارمنس کو زبردست گروپ فارمنس قرار دیا گیا۔

نامور امریکی کامیڈین ٹریور نووا نے گریمی ایوارڈ کی تقریب کی میزبانی کے فرائض انجام دیے۔ تقریب میں فن کاروں کی براہِ راست اور پہلے سے ریکارڈ شدہ پرفارمنسز بھی پیش کی گئیں۔

XS
SM
MD
LG