رسائی کے لنکس

امریکہ: صدر بائیڈن کے دستخط شدہ ون ٹریلین ڈالر انفراسٹرکچر پیکج میں ہے کیا؟


صدر بائیڈن نے بل پر دستخط کیے اس موقع پر کانگریس کے قانون ساز بھی موجود تھے۔
صدر بائیڈن نے بل پر دستخط کیے اس موقع پر کانگریس کے قانون ساز بھی موجود تھے۔

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے انفراسٹرکچر کی تعمیرِ نو کے لیے کانگریس سے منظور ہونے والے ایک ٹریلین ڈالر کے دو طرفہ انفراسٹرکچر بل پر دستخط کر دیے ہیں۔ امریکی صدر کے دستخط کے ساتھ ہی یہ بل قانون میں تبدیل ہو گیا ہے۔

اس اقدام سے امریکی ریاستوں اور مقامی حکومتوں کو سڑکوں اور پلوں کی تعمیر اور کروڑوں امریکیوں تک انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے اربوں ڈالر فراہم کیے جائیں گے جس سے ملک بھر میں ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی۔

وائس آف امریکہ کے لیے کین بریڈ مائر کی رپورٹ کے مطابق صدر بائیڈن کی جانب سے اس بل پر دستخط کو دو طرفہ بنیادوں پر ہونے والے ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

پیر کو وائٹ ہاؤس کے لان میں سرد موسم میں منعقدہ دستخطی تقریب میں ڈیمو کریٹس اور ریپبلکنز سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے قانون سازوں، ریاستی گورنرز اور شہروں کے میئرز نے شرکت کی۔

یہ ایک غیر معمولی لمحہ تھا جب دونوں جماعتوں کے اراکین ایک ساتھ کھڑے دو طرفہ کامیابی کا جشن منانے کو تیار تھے۔

خیال رہے کہ صدر بائیڈن کی جانب سے بل پر دستخط سے قبل امریکی کانگریس نے اس دو طرفہ انفراسٹرکچر بل کی منظوری دی تھی۔ امریکی سینیٹ میں بل پر ووٹنگ کے دوران ڈیمو کریٹ پارٹی کے 50 جب کہ ری پبلکن پارٹی کے 19 اراکین نے اس کی حمایت کی تھی۔ اسی طرح ایوانِ نمائندگان میں 13 ری پبلکنز نے اس کی حمایت جب کہ چھ ڈیمو کریٹس نے مخالفت کی تھی۔

دستخطی تقریب کے موقع پر صدر بائیڈن نے کہا کہ بل کی منظوری ظاہر کرتی ہے کہ اختلافات کے باوجود ڈیمو کریٹس اور ریپبلکنز ایک ساتھ آ کر نتائج دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اسے مکمل کر رہے ہیں اور امریکہ دوبارہ آگے بڑھ رہا ہے۔

انفراسٹرکچر بل میں ہے کیا؟

وائٹ ہاؤس کے مطابق اس انفراسٹرکچر بل کے اہم منصوبوں میں پانی کی سپلائی لائنز کی اپ گریڈیشن، تیز ترین انٹرنیٹ کی فراہمی، بہتر سڑکیں اور پل، پبلک ٹرانسپورٹ میں سرمایہ کاری، ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں کی اپگریڈیشن، مسافر ٹرینوں کے نظام میں بہتری میں رقوم خرچ کی جائیں گی۔

بل میں الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کا نیٹ ورک، توانائی کے شعبے کی اپ گریڈیشن، زیزیلینٹ انفراسٹرکچر اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری شامل ہے۔

انفراسٹرکچر بل میں سڑکوں، پلوں اور دیگر بڑے تعمیراتی منصوبوں کے لیے 110 ارب ڈالر رکھے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کو مزید جدید اور اسے معذور اور بزرگوں کے لیے آسان بنانے کے لیے 39 ارب ڈالرز رکھے گئے ہیں۔

اسی طرح موسمیاتی تبدیلیوں اور سائبر حملوں کے تدارک کے لیے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کے لیے 50 ارب ڈالر شامل کیے گئے ہیں۔

امریکہ میں پینے کے پانی کے نظام میں کچھ جگہوں پر اب تک استعمال ہونے والے پرانے سیسے کے پائپس کی تبدیلی کے لیے 55 ارب ڈالرز مختص کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ تمام امریکیوں کو تیز ترین انٹرنیٹ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے انفراسٹرکچر بل میں 65 ارب ڈالر رکھے گئے ہیں جس سے براڈ بینڈ انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا۔

صدر بائیڈن کے دستخط شدہ بل میں زیرِ زمین پانی اور مٹی سے آلودگی کی صفائی، توانائی کمیونٹیز میں ملازمتیں پیدا کرنے اور اقتصادی اور ماحولیاتی انصاف پر توجہ مرکوز کرنے کے 21 ارب ڈالر رکھے گئے ہیں۔

بل میں پاور گرڈ کی توسیع اور اپ ڈیٹ کے لیے 73 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔

اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹز' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG