رسائی کے لنکس

سیلاب زدہ کشمیر کی بحالی، امیتابھ کی اعانت کی اپیل: رپورٹ


رواں ماہ ہی اپنی 72ویں سالگرہ منانے والے میگا اسٹار امیتابھ بچن نےکہا ہے کہ ’جب کبھی بھی کشمیر، آسام، میگھالیہ یا آندھراپردیش میں آسمانی آفات آتی ہیں، میں اپنے ملک کے لئے کچھ بھی کر گزرنے سے گریز نہیں کرتا‘

کراچی ۔۔ بالی ووڈ فلموں کے ’بگ بی‘۔۔۔ امیتابھ بچن نے پوری فلم انڈسٹری کی جانب سے اپنے تمام ہم وطنوں سے بھارتی زیر انتظام کشمیر کے سیلاب زدگان کی بحالی اور بہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔

بگ بی ’ہم ہیں۔۔امید کشمیر‘ کے نام سے چلائی جانے والی مہم کا حصہ ہیں۔ مہم کی روح رواں بھارت کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری ہے جس میں ’ایونٹ اینڈ انٹرٹینمنٹ مینجمنٹ ایسوسی ایشن (ای ای ایم اے )‘ ، ’فلم اینڈ ٹیلی ویژن پروڈیوسرز گلڈ‘ اور ’زی انٹرٹینمنٹ انٹرپرائزز لمیٹڈ (زی)‘ کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

رواں ماہ ہی اپنی 72ویں سالگرہ منانے والے میگا اسٹار امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ ’جب کبھی بھی کشمیر، آسام، میگھالیہ یا آندھراپردیش میں آسمانی آفات آتی ہیں میں اپنے ملک کے لئے کچھ بھی کر گزرنے سے گریز نہیں کرتا۔‘

بھارتی میگزین ’انڈیا ٹو ڈے‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران اپنے آپ کو فلم انڈسٹری کا ایک ’ادنیٰ سا رکن‘ بتاتے ہوئے امیتابھ کا کہنا تھا ’جب بھی ملک میں کوئی آفت آتی ہے فلم انڈسٹری بلاجھجک لوگوں کی مدد کے لئے آگے آتی ہے اور لوگوں کا دکھ باٹتی اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہوتی ہے۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارتی زیر انتظام کشمیر میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کی تصویریں دیکھ کر انہیں بہت دکھ ہوا ہے۔ کشمیر کا علاقہ فلموں کی شوٹنگ کے لئے سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا مقام ہے۔

اس موقع پر ’فلم اینڈ ٹیلی ویژن پرڈوسرز گلڈ‘ کے صدر مکیش بھٹ اوریونین منسٹر برائے کھیل وامور نوجوان بھی موجود تھے۔ مکیش بھٹ کا کہنا تھا کہ یہ فلم انڈسٹری کے لئے ’پے بیک ٹائم‘ ہے۔ انڈسٹری کو مدد کے لئے مزید آگے بڑھنا ہوگا۔ ہم سب جذباتی و اخلاقی طور پر جموں و کشمیر کے جڑے ہوئے ہیں۔ ہمیں اس برے وقت میں کشمیر اور اس میں بسنے والے لوگوں کی ہر ممکن مدد کرنا ہوگی‘۔

علاقے میں ستمبر میں آنے والے سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی، جبکہ اس کی بحالی کے لئے اب بھی اقدامات جاری ہیں۔ بحالی کی غرض سے ہی ’ہم ہیں ۔۔امید کشمیر‘ کے نام سے مہم شروع کی گئی تھی۔ اس مہم کے تحت آئندہ ہفتے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں چیرٹی کنسرٹ کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں فلم اور موسیقی کی دنیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات حصہ لیں گی۔

کنسرٹ کے ذریعے مختلف فنکار لوگوں سے زیادہ سے زیادہ اور فراخدانہ انداز میں مدد کرنے کی اپیل کی جائے گی۔ کنسرٹ میں جو فنکار حصہ لیں گے ان میں گیت کار گلزار، وشال بھردواج، شرمیلا ٹیگور، وندو نود چوپڑا، فرحان اختر، رنبیر کپور، سوناکشی سنہا، سوشانت سنگھ ، راجپوت اور پرینتی چوپڑا کے نام شامل ہیں۔

کنسرٹ کے ٹکٹس کی فروخت، چندہ اور اسپانسر شپ سے ہونے والی آمدنی کو امدادی کاموں پر خرچ کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG