رسائی کے لنکس

نئے سال میں ریلیز ہونے والی بڑی کاسٹ کی بڑی فلمیں


نیا سال 2016 فلم لورز کے لئے کون کون سی بڑے ناموں سے سجی فلمیں اپنے ساتھ لا رہا ہے۔۔ آئیے ذیل میں ملاحظہ کرتے ہیں:

گزرا ہوا سال 2015ء بالی وڈ کے لئے ملا جلا ثابت ہوا۔ کچھ بڑی بجٹ کی فلموں نے ناکامی کا منہ دیکھا تو کئی چھوٹے بجٹ کی فلمیں باکس آفس پرچھا گئیں۔ لیکن، نیا سال 2016 فلم لورز کے لئے کون کون سی بڑے ناموں سے سجی فلمیں اپنے ساتھ لا رہا ہے۔ آئیے ذیل میں ملاحظہ کرتے ہیں:

رئیس: شاہ رخ خان اور مائرہ خان
’سی این این ۔آئی بی این‘ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال جس فلم نے ریلیز سے پہلے ہی لوگوں میں اشتیاق پھیلادیا وہ ہے کنگ خان کی فلم ’رئیس‘۔۔۔ جس میں شاہ رخ خان کی ہیروئن پاکستانی اسٹارمائرہ خان ہیں۔

سن، 80 کے عشرے کے پس منظر میں بنائی گئی ’رئیس‘ کئی سماجی برائیوں کی نشاندہی کرتی ہے۔ فلم کا ایک ڈائیلاگ ’بنئے کا دماغ اور میاں بھائی کی ڈئیرنگ‘ ۔۔ فلم کی ریلیز سے پہلے ہی ہٹ ہوگیا ہے۔ شاہ رخ کے اپنے پروڈکشن ہاوٴس ’ریڈ چلیز‘ کے تحت بنائی گئی ’رئیس‘ عید الفطر پر ریلیز ہوگی۔

دنگل : عامر خان
بالی وڈ کے مسڑ پرفیکشنٹ ایک بار پھرآرہے ایک بالکل ہی مختلف انداز میں۔ ’دنگل‘ نہ صرف موضوع کے حوالے سے عامر خان کی پچھلی فلموں سے ہٹ کر ہے بلکہ اس میں عامر کا اسٹائل اور لک بھی جدا ہے۔

عامر نے دنگل کے لئے خصوصی طور پر وزن بڑھایا تھا۔ ریسلر مہاویرسنگھ کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’دنگل‘ میں عامر خان نے اپنے کردار پر غیرمعمولی محنت کی ہے۔ فلم میں مہاویر سنگھ کی اس جدوجہد کو بھی اجاگر کیا گیا ہے جو انہوں نے اپنی دونوں بیٹیوں کو بھارت کی صف اول کی ریسلرز بنانے کے لئے کی تھی۔

سلطان: سلمان خان
تین خانوں کے بعد اب ذکر ہوجائے چوتھے خان یعنی دبنگ خان کا۔ سلمان خان بھی سال 2016 میں باکس آفس کی جنگ میں حریفوں کو سخت مقابلہ دینے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ یش راج فلمز کی ایکشن ڈرامہ فلم ’سلطان‘ کے مرکزی کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لئے سلمان خان نے ہئیر اسٹائل سے بھی تبدیل کیا اور ریسلنگ کے کئی سبق بھی ’پڑھے‘ ہیں۔فلم میں سلمان ہریانہ سے تعلق رکھنے والے کیسری سلطان کا رول نبھا رہے ہیں۔

اے دل ہے مشکل : رنبیرکپور اور ایشوریا رائے
فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ائیر‘ کے بعد میگا ڈائریکٹر کرن جوہر کی بالی وڈ میں واپسی ہو رہی ہے ’اے دل ہے مشکل‘ کے ذریعے۔اس فلم کے ہیرو رنبیر کپور ہیں اور ان کی ہیروئن ہیں ایشوریا رائے۔۔ رنبیر کپور اور ایشوریا رائے کی جوڑی کو منفرد قراردیا جا رہا ہے۔ غیرمعمولی لو اسٹوری اور اسٹار کاسٹ کی وجہ سے ’اے دل ہے مشکل‘کو دو ہزار سولہ کی بڑی فلموں میں شمارکیا جا رہا ہے۔

فین: شاہ رخ خان
سال 2016 میں شاہ رخ خان کی جو دوسری فلم سینما گھروں کی زینت بنے گی وہ ’فین‘ ہے۔ فلم شاہ رخ خان کے ان پرستاروں سے متعلق ہے جو کبھی شاہ رخ کے ممبئی میں واقع گھر’منت‘ کے باہر کھڑے ہو کر سیلفی یا تصویر کھنچوا چکے ہیں۔ ’فین‘ کا ٹریلر نومبر میں شاہ رخ خان کی سالگرہ کے دن ریلیز ہو چکا ہے اور اب شاہ رخ کے ’فین‘ فلم دیکھنے کے لئے بے چین ہیں جو اپریل 2016 میں ریلیز کی جائے گی۔

راک آن ٹو
کامیاب فلم ’راک آن‘ کا سیکوئل ’راک آن2‘بھی 2016 میں ریلیز کیا جائے گا۔ ’راک آن‘ کے گانوں کو مقبولیت حاصل ہوئی تھی اور اچھی موسیقی کے شائقین اب راک آن2سے بھی عمدہ میوزک کی توقع لگائے بیٹھے ہیں۔

ائیرلفٹ: اکشے کمار
اکشے کمار اسٹارر ’ائیرلفٹ‘ 22 جنوری 2016 کو ریلیز ہوگی۔ فلم عراق، کویت جنگ کے دوران متاثرہ علاقوں سے بھارتی شہریوں کی واپسی پر بنائی گئی ہے۔ فلم کی شوٹنگ عرب امارات کی ریاست ’راس الخیمہ‘ اور راجستھان میں کی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG