رسائی کے لنکس

بالی وڈ کی سپرہٹ فلموں کی فاش غلطیاں


بالی وڈ کی بہت سی بڑے بینرز تلے مشہور فلم میکرز کی بنائی گئی میگا ہٹ فلمیں ایسی ہیں جو باکس آفس پر ’کھڑکی توڑ‘ ثابت ہوئیں لیکن ان میں کی گئی غلطیوں کا دیکھنے والوں نے بھی کوئی نوٹس نہ لیا۔

کہتے ہیں دنیا میں کوئی بھی چیز ’پرفیکٹ‘ نہیں ہوتی تو پھر بھلا بالی وڈ کی فلمیں کیسے غلطیوں سے پاک ہو سکتی ہیں۔ بالی وڈ کی بہت سی بڑے بینرز تلے مشہور فلم میکرز کی بنائی گئی میگا ہٹ فلمیں ایسی ہیں جو باکس آفس پر ’کھڑکی توڑ‘ ثابت ہوئیں لیکن ان میں کی گئی غلطیوں کا دیکھنے والوں نے بھی کوئی نوٹس نہ لیا۔

کون کون سی ہٹ فلموں میں بڑی بڑی غلطیاں کہاں ہوئیں،آئیے دیکھتے ہیں۔

لگان
بالی وڈ کے ’مسٹر پرفیکٹ‘ عامر خان کی فلم ’لگان‘ اتنی بھی پرفیکٹ نہیں تھی جتنا کہ سمجھا جاتا ہے۔ سن 1892 کے پس منظرمیں بنائی گئی’ لگان‘ میں، جس کی کہانی کرکٹ کے ایک میچ کے گرد گھومتی میں ہے، اس میں ایک اوور چھ بالز کا دکھایا گیا جبکہ اس زمانے میں ایک اوور پانچ بالز پر مشتمل ہوتا تھا۔

دل والے دلہنیا لے جائیں گے
بالی وڈ میں نئی تاریخ بنانے والی یش چوپڑہ کی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ روز اول کی طرح آج بھی مقبو ل ہے لیکن اس فلم میں ہوئی غلطیوں پر بھی کسی کا دھیان نہیں گیا۔

فلم کی ہیروئن سمرن یعنی کاجول یورپ کے سفرکے دوران مسلسل مختلف کپڑوں میں دکھائی دیں اور ایسا ان حالات میں ہوا جب کہ وہ اپنا سامان حتی کہ پاسپورٹ تک گنوا چکی تھیں۔ اس کے برعکس شاہ رخ خان راج کے روپ میں ایک ہی کپڑوں میں ملبوس دکھائی دئیے۔

فلم کے ایک اور سین میں سمرن کے دائیں ہاتھوں میں چوڑیاں دکھائی گئیں جبکہ اگلے ہی سین میں چوڑیاں بائیں ہاتھ میں نظر آئیں۔

سب سے دلچسپ غلطی کلائمکس سین میں کی گئی جہاں پورا خاندان ’آپتا‘ اسٹیشن پر کھڑا نظرآیا۔ آپتا اسٹیشن ممبئی کے قریب ہے جبکہ پوری فلم میں پنجاب کی منظر کشی کی گئی ہے۔

گجنی
عامر خان کی ایک اور ہٹ فلم ’گجنی‘ میں کی گئی غلطی بھی جان لیں۔ فلم میں سنجے سنگھانیا یعنی عامرخان کی ڈائری کا کلر 2005 میں کالے سے براؤن ہو جاتا ہے جب ڈائری انسپکٹر سے فلم کی ایک کردار سنیتا تک پہنچتی ہے اور ڈائری جب عامرخان کے پاس پہنچتی ہے تو ایک بار پھر براؤن سے کالی ہو جاتی ہے۔

شعلے
’یہ ہاتھ ہم کو دے دے ٹھاکر ‘فلم شعلے میں گبرسنگھ جب ٹھاکر کے ہاتھ کاٹتا ہے تو اس کی شروعات اسی مشہور ڈائیلاگ سے ہوتی ہے لیکن کلائمکس میں جب ٹھاکر اپنے پیروں کی مدد سے ڈاکو گبرسنگھ کی دھلائی کر رہے ہوتے ہیں تو تمام مناظر میں ٹھاکرصاحب کے ہاتھ صاف دکھائی دے رہے ہیں۔۔ ہے نا مزے کی بات۔۔

بدلہ پور
فلم بدلہ پور میں ورون دھون ہیرو رگھو کے طور پر جب شراب کی بوتل توڑے ہیں تو اس کے چھینٹے دیواروں پر بھی نظرآتے ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر اگلے ہی سین میں دیواریں بالکل صاف ہو جاتی ہیں۔۔اسے کہتے ہیں جادو۔

پی کے
عامرخان کی ایک اور سپرہٹ فلم ’پی کے‘ میں فلم کے سائیڈ ہیرو سشانت سنگھ راجپوت پاکستانی لڑکے سرفراز کے کردار میں دکھائے گئے ہیں۔ ایک سین میں سرفراز فلم کی ہیروئن انوشکا شرما کو بتاتے ہیں کہ وہ برجس میں پاکستانی سفارتخانے میں کام کرتے ہیں جبکہ حقیقت میں پاکستانی سفارتخانہ برجس میں نہیں بلکہ برسلز میں ہے۔ شاید یہی وجہ تھی کہ تپسوی مہاراج نے انوشکا یعنی جگو کو سرفراز پر بھروسہ نہ کرنے کی ہدایت کی۔

را ۔ون
غلطیوں کے معاملے میں شاہ رخ خان بھی پیچھے نہیں ۔ان کی فلم را۔ ون میں شاہ رخ خان جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والے ہندو بنے ہیں لیکن فلم میں ان کی آخری رسومات عیسائیوں کی طرح دکھائی گئی ہیں۔ بات صرف یہیں ختم نہیں ہوتی۔ ۔اگلے ہی سین میں شاہ رخ کی بیوی ان کی راکھ دریا میں بہاتی نظر آئیں۔ یہ غلطی بھی شاہ رخ کے فینز نے نظرانداز کر دی اور فلم کو خوب پذیرائی بخشی۔

تھری ایڈیٹس
فلم تھری ایڈیٹس کا اگر آخری سین آپ کو یاد ہو تو اس میں کرینہ کپور کا منگیتر سوہاس گھر میں موجود ہے لیکن اس کے فوری بعد کے منظرمیں سوہاس کو مرکزی دروازے سے داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

کہونا پیارہے میں کرینہ کپورکی ’خفیہ ‘ آمد
کرینہ کپور نے ایک انٹرویو میں یہ دلچسپ انکشاف کیا کہ ریتھک روشن کی پہلی فلم جو ہٹ ہوئی تھی ’کہو نہ پیار ہے‘ میں انہیں ہیروئن کاسٹ کیا گیا تھا لیکن کرینہ کے بقول انہیں لگا کہ فلم میں ریتھک کا کردار زیادہ اسٹرونگ ہے اور ہیروئن کے کرنے کے لئے کچھ خاص نہیں تو فلم چھوڑ دی۔ لیکن کرینہ کا ایک سین فلم میں شامل کیا گیا اور کسی کو پتا بھی نہیں چلا۔ سین میں ریتھک روشن آگے جا رہے ہیں اور کرینہ نیلے لباس میں ملبوس ریتھک سے کچھ پیچھے چل رہی ہیں۔ سب یہی سمجھتے رہے کہ وہ فلم کی ہیروئن امیشا پٹیل ہیں لیکن وہ امیشا پٹیل نہیں بلکہ کرینہ کپور تھیں۔

راک اسٹار کی مضحکہ خیز غلطی
راک اسٹار کے گانے ’ساڈا حق‘ میں مختلف اخباروں کے تراشے آتے ہیں جو بظاہر فلم کے ہیرورنبیر کپور کے تنازعوں سے متعلق ہیں۔ اب فلم میکرز نے ہیڈلائن تو بدل دی لیکن خبر وہی رہنے دی۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ پہلی خبر 2011 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ سیمی فائنل کی تھی تو دوسری خبر 2012 میں ریلیز ہوئی شاہ رخ اورکترینہ کیف کی فلم ’جب تک ہے جاں‘ سے متعلق تھی۔

ہے بے بی
ہے بے بی میں اکشے کمار ایک اسٹور میں ڈائپر کی خریداری میں مصروف ہیں لیکن ان کے پیچھے نظر آنے والی بے بی کے کپڑوں کا رنگ پہلے نیلا ہوا پھر سفید اور ایک بار پھر نیلا ہوگیا۔

دھوم تھری
دھوم تھری میں سمر ساحل کا سیدھا ہاتھ پکڑتے ہیں لیکن جب دونوں کردار گرتے ہیں تو دکھائی یہ دیتا ہے کہ سمر نے ساحل کا بایاں ہاتھ تھاما ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG