رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ نے دورۂ آسٹریلیا غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے حکومت کی جانب سے نافذ کردہ قرنطینہ کی سخت پابندیوں کے پیشِ نظر دورۂ آسٹریلیا غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔

کیویز بورڈ نے بدھ کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ 24 جنوری سے نو فروری تک شیڈول آسٹریلیا کا دورہ اگلے اعلان تک ملتوی کر دیا ہے اور دونوں کرکٹ بورڈز اس حوالے سے رابطے میں ہیں۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جانا تھا۔ شیڈول کے مطابق 30 جنوری، دو اور پانچ فروری کو ون ڈے میچز ہونا تھے اور واحد ٹی ٹوئنٹی میچ آٹھ فروری کو کینبرا میں شیڈول تھا۔

یہ تیسرا موقع ہے جب دونوں ٹیموں کے درمیان کرونا وبا کی وجہ سے سیریز ملتوی ہو رہی ہے۔

اس سے قبل وبا کے آغاز میں مارچ 2020 میں دو ون ڈے میچز منسوخ ہوئے تھے جب کہ جنوری 2021 میں تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی کرونا وبا کے باعث نہیں کھیلا گیا تھا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے اشارے دیے گئے تھے کہ وہ قرنطینہ پابندیوں میں نرمی لائے گی لیکن اومیکرون کے پھیلاؤ کی وجہ سے حکومت نے اپنی حکمتِ عملی تبدیل کی ہے۔

ان کے بقول نئی پابندیوں کے تحت حکومت نے بیرونِ ملک سے آںے والے مسافروں پر 10 روز کے قرنطینہ کو لازمی قرار دیا ہے اس لیے آسٹریلیا سے دورہ مکمل کر کے کھلاڑیوں کی وطن واپسی سے متعلق بورڈ خدشات کا شکار ہے۔

نیوزی کرکٹ بورڈ کے مطابق ملتوی ہونے والے میچز کو ری شیڈول کرنے کے لیے آسٹریلوی بورڈ کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے کیویز ٹیم کے دورے کے ملتوی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

اس دورے کی ملتوی کے بعد مارچ میں آسٹریلیا کے نیوزی لینڈ دورے کے ملتوی ہونے کے بھی خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

آسٹریلیا کی ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے مارچ میں نیوزی لینڈ جائے گی اور یہ دورہ 17 سے 20 مارچ تک ہو گا۔ نیوزی لینڈ میں 10 روزہ قرنطینہ کی پابندیاں برقرار رہیں تو اس دورے کی منسوخی کا بھی امکان ہے۔

تاہم اس حوالے سے اب تک دونوں کرکٹ بورڈز کی طرف سے کوئی بیان جاری نہیں ہوا۔

XS
SM
MD
LG