رسائی کے لنکس

صومالیہ: موغادیشو میں کار بم دھماکہ، 13 افراد ہلاک


دھماکے کا نشانہ بننے والا ہوٹل صومالیہ کے اراکینِ پارلیمان، غیر ملکی سفیروں اور ملکی اور غیر ملکی صحافیوں میں خاصا مقبول ہے۔

صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کے ایک مرکزی ہوٹل کے باہر ہونے والے کار بم دھماکے میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

دھماکہ دارالحکومت کے ہوائی اڈے کے نزدیک واقع 'ہوٹل جزیرہ' میں ہوا جہاں چین اور مصر کے سفارت خانے بھی قائم ہیں۔

دھماکے کا نشانہ بننے والا ہوٹل صومالیہ کے اراکینِ پارلیمان، غیر ملکی سفیروں اور ملکی اور غیر ملکی صحافیوں میں خاصا مقبول ہے۔

جائے واردات پر امدادی سرگرمیاں انجام دینے والے رضاکاروں نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ کم از کم 20 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والی کی قومیتوں کے متعلق فوری طور معلوم نہیں ہوسکا ہے۔

صومالیہ کی ایک انٹیلی جنس ایجنسی کے اہلکار نے 'وائس آف امریکہ'کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ دھماکہ خیز مواد ایک ٹویوٹا ٹرک پر لدا ہوا تھا جو ہوٹل کے دروازے کے عین سامنے پھٹا۔

دھماکہ اتنا شدید تھا کہ ہوٹل کا ایک حصہ مکمل طور پر منہدم ہوگیا ہے۔ عینی شاہدین نے عمارت کے ملبے تلے لوگ دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

صومالیہ میں سرگرم شدت پسند تنظیم 'الشباب' نے اتوار کی شام ہونے والے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

شدت پسندوں کی ایک ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکہ خود کش بمبار نے کیا جس کا مقصد صومالیہ کے بے اور بکول کے علاقوں میں ایتھوپین فوج کی حالیہ کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کی موت کا بدلہ لینا تھا۔

ایتھوپیا مشرقی افریقہ کے ان کئی ممالک میں شامل ہے جس کے فوجی دستے افریقی یونین کے مشن کے تحت صومالیہ میں تعینات ہیں اور شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG