رسائی کے لنکس

چین: فیکٹری میں دھماکے سے 22 افراد ہلاک


حکام کے مطابق دھماکہ بدھ کو علی الصباح ژانگ جیاکو نامی شہر کی ایک فیکٹری میں ہوا جس کی زد میں آکر 50 سے زائد گاڑیاں اور ٹرک بھی تباہ ہوگئیں۔

چین کے شمالی صوبے ہابے کے ایک کیمیکل پلانٹ میں دھماکے سے کم از کم 22 افراد ہلاک اور 22 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق دھماکہ بدھ کو علی الصباح ژانگ جیاکو نامی شہر کی ایک فیکٹری میں ہوا جس کی زد میں آکر 50 سے زائد گاڑیاں اور ٹرک بھی تباہ ہوگئیں۔

چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے جائے واقعہ کے دھماکے کے بعد کے مناظر نشر کیے ہیں جن میں عمارت کے کھنڈر سے دھویں کے بادل اور شعلے اٹھتے دیکھے جاسکتے ہیں اور عمارت کے باہر جلی ہوئی گاڑیاں اور ٹرک قطار میں کھڑے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد نزدیک واقعہ دیگر کارخانوں میں کام بند کردیا گیا ہے اور دھماکے کی وجوہات کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

ژانگ جیاکو شہر دارالحکومت بیجنگ سے 156 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے اور یہ بھی چین کے ان شہروں میں شامل ہے جو بیجنگ کے ساتھ 2022ء کے سرمائی اولمپکس کی میزبانی کریں گے۔

چین میں صنعتوں اور کارخانوں میں مناسب حفاظتی اقدامات نہ ہونے پر مختلف حلقے تحفظات کا اظہار کرتے آئے ہیں جن کی وجہ سے ماضی میں بھی کئی حادثات بھاری جانی و مالی نقصان کا سبب بن چکے ہیں۔

اس سے قبل 2015ء میں تیانجن شہر کے ایک کیمیکل گودام میں دھماکے سے 170 سے زائد افراد مارے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG