رسائی کے لنکس

تھائی لینڈ: دھماکوں سے کم ازکم 28 مظاہرین زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پہلا دھماکا ایک دستی بم کا تھا جسے حملہ آور نے مظاہرین کی طرف سے تیار کردہ اسٹیج کے قریب پھینکا، اس کے بعد فوراً ہی ایک دھماکا قریبی اسٹالوں میں ہوا۔

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں حکومت مخالف مظاہرین کے کیمپ کے قریب ہونے والے دو دھماکوں میں کم ازکم 28 افراد زخمی ہوگئے۔

بنکاک میں اسپتالوں کے نگران ادارے ’اراوان میڈیکل سنٹر‘ کے مطابق اتوار کو شہر میں وکٹوریا مانیومنٹ کے قریب واقع مظاہرین کے کیمپ کے باہر دو دھماکے ہوئے۔

زخمیوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں سات کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق پہلا دھماکا ایک دستی بم کا تھا جسے حملہ آور نے مظاہرین کی طرف سے تیار کردہ اسٹیج کے قریب پھینکا، اس کے بعد فوراً ہی ایک دھماکا قریبی اسٹالوں میں ہوا۔

گزشتہ جمعہ کو بھی ایسے ہی حملوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے جن میں سے ایک بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہفتہ کو دم توڑ گیا۔

تھائی لینڈ میں ہفتوں سے جاری حکومت مخالف مظاہروں میں حالیہ دنوں میں تشدد کے واقعات بھی دیکھنے میں آئے جن میں دھماکوں اور فائرنگ سے متعدد ہلاکتیں بھی ہوچکی ہیں۔

حزب مخالف نگران وزیراعظم ینگ لک شیناواترا سے مستعفی ہونے اور انتخابات سے حکومت ایک غیر منتخب پیپلز کونسل کے حوالے کی جائے جو بدعنوانی کے انسداد کے لیے اصلاحات کرے۔

وزیراعظم ان مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے کہہ چکی ہیں کہ انتخابات دو فروری کو ہی ہوں گے اور اس کے بعد ایک کونسل قائم کرکے اصلاحات کا عمل شروع کیا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG