رسائی کے لنکس

باؤ فورم میں وزیراعظم گیلانی کی شرکت


وزیراعظم گیلانی چین کے صدر ہوجن تاؤ سے مصافہ کرتے ہوئے (فائل فوٹو)
وزیراعظم گیلانی چین کے صدر ہوجن تاؤ سے مصافہ کرتے ہوئے (فائل فوٹو)

چین میں ہفتہ سے شروع ہونے والے سالانہ باؤ فورم فار ایشیا کانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کر رہے ہیں۔

اقتصادی ترقی سے متعلق دو روز تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں رواں سال عالمی ترقی میں ایشیا کے کردار کو اجاگر کیا جائے گا۔

وزیراعظم گیلانی نے چین روانگی سے قبل اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں پاکستان کی معیشت کے دیرپا استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں سے عالمی رہنماؤں کو آگاہ کیا جائے۔

’’اجلاس کے موقع پر مختلف کمپنیوں کے سربراہان اور اہم ممالک کے رہنماؤں سے بھی بات چیت ہو گی۔ باؤ فورم مختلف رہنماؤں سے ملاقات کا اہم موقع ثابت ہو گا‘‘۔

وزیراعظم گیلانی کے ہمراہ چین جانے والے وفد میں وزیرخزانہ حفیظ شیخ بھی شامل ہیں جو باؤ اقتصادی فورم کے شرکا کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق بتائیں گے۔

سابق مشیر خزانہ اور اقتصادی امور کے ماہر ڈاکٹر اشفاق حسن خان نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ باؤ اقتصادی فورم عالمی رہنماؤں اور بڑی سرمایہ کار کمپنیوں کے سربراہان کو ایک ہی مقام پر تجربات کے تبادلے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

’’وہاں آپ اپنے ملک کے بارے میں بتاتے ہیں کہ آپ کی معیشت کدھر جا رہی ہے، دنیا کی اگر دلچسپی ہو گی تو وہ پھر آپ کی طرف دیکھیں گے۔ تو اقتصادیات کے حوالے کہا جا سکتا ہے کہ یہ فورم رابطے بڑھانے کا موقع فراہم کرتا ہے‘‘۔

تاہم اشفاق احمد خان کہتے ہیں ملک کے موجودہ اقتصادی حالات بالخصوص توانائی کے بحران کے تناظر میں عالمی اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے قائل کرنا آسان نہیں ہوگا۔

اُنھوں نے کہا کہ سوئیٹزرلینڈ میں ڈیوس میں عالمی اقتصادی ترقی کے فورم کی طرز پر کچھ سال قبل چین نے باؤ فورم کا آغاز تھا اور اب ہر برس اس کے اجلاس میں عالمی رہنماء اور سرمایہ کار شرکت کرتے ہیں۔

چین میں ہونے والے اس اجلاس میں لگ بھگ 12 ممالک کے رہنما اور اتنی ہی تعداد میں بڑی کمپنیوں کے سربراہان شرکت کریں گے۔

پاکستان چین کو اپنا ایک اہم اتحادی قرار ہے اور وزیراعظم گیلانی نے بھی باؤ فورم میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل عندیہ دیا کہ ملک کی معیشت کے لیے ان کا یہ دورہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔

XS
SM
MD
LG