رسائی کے لنکس

بھارت: دو روز سے لاپتا کافی ڈے چین کے مالک کی لاش برآمد


وی جی سدارتھا (مالک کیفے کافی ڈے)
وی جی سدارتھا (مالک کیفے کافی ڈے)

بھارت کے شہر بنگلور کے پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ دریا سے ملنے والی ایک لاش دو روز قبل لاپتا ہونے والے 'کیفے کافی ڈے' کے مالک وی جی سدھارتھ کی ہے۔

ساٹھ سالہ سدھارتھ پیر کو لاپتا ہو گئے تھے جب کہ ان گاڑی ریاست کرناٹک کے نواحی علاقے میں ایک پل کے قریب سے ملی تھی۔

پولیس کمشنر سندیپ پٹیل کے مطابق وی جی سدھارتھ کی لاش کا پوسٹ مارٹم کر لیا گیا ہے، تاہم انہوں نے موت کی وجہ بتانے سے گریز کیا۔

سدھارتھ بھارت کی معروف کافی شاپ چین 'کافی ڈے' کے بانی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما ایس ایم کرشنا کے داماد ہیں۔ ان کی کافی چین کی بھارت سمیت آسٹریا، چیک ریپبلک اور ملائیشیا میں 1500 شاخیں ہیں۔ گزشتہ سال ان کی کل آمدنی چھ سو تیس ملین ڈالرز تھی۔

پولیس حکام کے مطابق سدھارتھ گاڑی ڈرائیور کے پاس چھوڑ کر چہل قدمی کے لیے گئے اور ڈرائیور کو انتظار کرنے کا کہا۔ دو گھنٹے بعد بھی واپس نہ آنے پر ڈرائیور نے پولیس کو اطلاع دی۔

سدھارتھ کی لاش کی نشاندہی رتیش نامی مچھیرے نے کی۔ ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے رتیش نے بتایا کہ وہ دریا میں مچھلیاں پکڑ رہے تھے کہ اچانک ان کی نظر پانی پر تیرتی ایک لاش پر پڑی جس کے بعد انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس حکام کے مطابق وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے سدھارتھ کے اس خط کی بھی تحیققات کر رہے ہیں جس میں وہ مبینہ طور پر ٹیکس حکام کی جانب سے ہراساں کیے جانے کی شکایت کر رہے ہیں۔

خط میں سدھارتھ کاروباری پریشانی کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ تمام تر کوششوں کے باوجود وہ اپنے کاروبار کو منافع بخش نہیں بنا سکے۔ اب ان پر بڑا قرضہ واجب الادا ہے جو انہوں نے اپنے دوست سے لے رکھا ہے۔

XS
SM
MD
LG