رسائی کے لنکس

وکی ڈونر ‘ اور’ہیٹ اسٹوری‘ فلمی میلے میں سجنے کے لئے تیار ’


بالی ووڈ کی دو نئی فلموں ”وکی ڈونر “ اور ”ہیٹ اسٹوری “کا میلہ جمعہ کوسجنے جارہا ہے ۔ ” وکی ڈونر “ کے فلمساز ہیں جان ابراہم جبکہ ہیروئین آیوش کھرانہ۔دوسری جانب ”ہیٹ اسٹوری“ کے پروڈیوسر وکرم بھٹ اور ڈائریکٹر ہیں ۔۔وویک اگنی ہوتری۔

’وکی ڈونر ‘ اور’ہیٹ اسٹوری‘ دونوں ہندی فلموں کے انگریزی نام ہیں مگر یہ دونوں الگ الگ طرز کی فلمیں ہیں اور دونوں کے پسند کرنے والے بھی مختلف مزاج کے ہوں گے۔ اس بات اندازہ یوں بھی لگایا جاسکتا ہے کہ ”ہیٹ اسٹوری“ کی ہیروئن ہیں ’پاولی ڈم‘ ۔۔اور آج کل جہاں یہ نام آجائے ۔۔سمجھ لیجئے۔۔۔ فلم صرف’ بالغ‘ افراد ہی دیکھ اور سمجھ سکیں گے۔

اگر ان دونوں فلموں کو کوئی تیسری فلم متاثر کرسکتی ہے تو وہ ہے ۔۔”ہاوٴس فل ٹو“۔ بے شک یہ تین ہفتے پہلے ریلیز ہوئی تھی مگر باکس آفس پر ابھی تک اس کی دھوم کم نہیں ہوئی ۔

پچھلے ہفتے ریلیز ہونے والی دو فلمیں ” بٹو باس “ اور ”چھوڑو کل کی باتیں “ بھی ”ہاوٴس فل ٹو“ کا کچھ نہیں’ بگاڑ‘ سکی تھیں ۔ ”بٹو باس“ توبری طرح فلاپ ہوگئی مگر دوسری فلم کچھ کما کر دکھائے گی ، اس بات کے آثار ابھی ماند نہیں پڑے ۔ یہ فلم ٹکٹ گھر پر بھیڑ اکھٹی کررہی ہے مگر آہستہ آہستہ۔

ساجد نڈیاڈ والا کی پروڈکشن اور ساجد خان کے ڈائریکشن میں بنی فلم ” ہاوٴس فل ٹو“ کا کمال یہ ہے کہ یہ آئی پی ایل کرکٹ میلے کے دوران ریلیز ہونے کے باوجود کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔

بھارت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق فلم نے صرف ممبئی میں آٹھ کروڑ سے زیادہ کا بزنس کرلیا ہے جبکہ احمد آباد، سورت، بروڈہ، راج کوٹ ، جام نگر، پونا، ناسک، گوا، غازی آباد، دہلی، نویڈا، کانپور، لکھنو، آگرہ اور الہ آباد جیسے شہروں سے بھی یہ فلم کروڑوں روپے کمانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

ادھر فلم ”بلڈ منی “ دوسرے ہی ہفتے لڑکھڑا گئی اور اب تک اس کا بزنس مجموعی طور پر50کروڑ تک بھی نہیں پہنچا۔ اگر مذکورہ فلموں اور حالیہ مہینوں کے دوران ریلیز ہونے والی کامیاب فلموں کا ذکر کریں تو اس میں پہلانمبر ابھی بھی ودیا بالن کی فلم” کہانی“ کا ہے جبکہ ”ہاوس فل ٹو“ دوسرے نمبر پرہے۔

XS
SM
MD
LG