رسائی کے لنکس

سری دیوی حادثاتی طور پر ڈوب کر ہلاک ہوئیں: دبئی پولیس


دبئی میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی اداکارہ سری دیوی کی موت حادثاتی طور پر باتھ ٹب میں ڈوبنے کی وجہ سے ہوئی۔

سری دیوی کی موت سے متعلق دبئی پولیس کی طرف سے جاری کی گئی فرانزک رپورٹ کے مطابق سری دیوی ہوٹل کے باتھ روم میں باتھ ٹب میں پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوئیں۔

رپورٹ کی کاپی سری دیوی کے اہل خانہ اور بھارتی قونصل خانے کوفراہم کردی گئی ہے۔

بھارتی چینل این ڈی ٹی وی،انڈین ایکسپریس،ٹائمز ناؤ اوردیگربھارتی میڈیا نے خلیجی اخبار گلف نیوز کے حوالے سے خبر دی ہے کہ سری دیوی کے شوہربونی کپور جمعہ کو بھارت چلے گئے تھے لیکن ہفتے کو وہ سری دیوی کو سرپرائز دینے واپس دبئی پہنچے تھے۔

سری دیوی دبئی میں اپنے بھانجے کی شادی میں شرکت کے لئے موجود تھیں جس میں ان کے شوہر اوربیٹی نے بھی شرکت کی تھی۔

بونی کپورنے دبئی پہنچ کر شام ساڑھے پانچ بجے تقریبا پندرہ منٹ سری دیوی سے فون پربات کی اورانہیں ڈنرکے لئے کہا۔جب کافی دیرتک سری دیوی کمرے سے نہ آئیں تو بونی کپور کمرے میں پہنچے اورباتھ ٹب سے سری دیوی کونکال کر ہوش میں لانے کی کوشش کی جس میں ناکامی کے بعد پولیس کواطلاع دی گئی۔

سری دیوی کی میت آج رات تک بھارت پہنچنے کا امکان ہے۔ان کی میت کو نجی طیارے سے ممبئی منتقل کیا جائے گاجہاں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

سری دیوی کے اچانک انتقال پر بالی وڈ میں سوگ کا سماں ہے اورمتعدد شوٹنگزاورتقریبا ت ملتوی کردی گئی ہیں۔

سری دیوی کے ساتھی اداکار اوران کے شوہربونی کپورکے بھائی انیل کپورکی رہائش گاہ پرتعزیت کے لئے بالی وڈ اسٹارزکی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

سن 80کے عشرے میں بالی وڈ پر راج کرنے والی اداکارہ سری دیوی ہفتے کی شب دبئی کے ایک ہوٹل میں انتقال کرگئی تھیں۔ابتدا میں ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ بتایا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG