رسائی کے لنکس

logo-print

فلمی دنیا کی چکاچوند، اجے دیوگن کا معاوضہ 30 کروڑ ہوگیا


بالی ووڈفلم انڈسٹری ایسی ”جادوئی نگری “ہے جو جمعہ کے جمعہ کسی کو’ ہیرو‘تو کسی کو ’زیرو‘ بنا دیتی ہے۔یہاں کون سا’ اسٹار‘ کب ’سپر اسٹار‘ اور ’ڈوپر اسٹار‘ بن جائے کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ اجے دیوگن کو ہی دیکھ لیجئے۔ آج کل ان کا شمار ایسے فنکاروں میں ہوتا ہے جن پر قسمت کی دیوی مہربان ہے۔

نمبر ون کی دوڑسے پرے رہ کر، خاموشی سے ایک کے بعد ایک ہٹ فلمیں دینے والے دیوگن کی مارکیٹ ویلیواب ڈبل ، ٹرپل ہوگئی ہے۔ ”گول مال تھری“ سے پہلے اجے 5 کروڑروپے معاوضہ وصول کرتے تھے لیکن پے در پے گولڈن اورجوبلی ہٹس دینے کے بعد فلم ”سنگھم“ تک آتے آتے یہ معاوضہ ہو گیا پندرہ کروڑ۔

۔۔۔اور اب یہ معاوضہ ہونے جارہا ہے 30کروڑ ۔۔اجے نے پروڈیوسر اندر کمار سے ان کی آنے والی فلم میں کام کرنے کا معاوضہ 30کروڑ روپے طلب کیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم انڈسٹری کے اندورنی ذرائع اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ اندر کمار نے یہ معاوضہ ادا کرنے کی حامی بھر لی ہے۔

اجے دیوگن اس سے پہلے اندر کمار کے ساتھ دو فلموں میں کام کرچکے ہیں ۔” مستی “اور ” عشق “ ۔ ”مستی “ میں ان کے ساتھ شامل تھے وویک اوبرائے،رتیش دیش مکھ اورآفتاب شیو ڈیسانی جبکہ فلم ”عشق“ میں تھے عامر خان، جوہی چاولہ اور کاجول۔

اور سنئے ۔۔۔روہت شیٹھی کی فلم ”بول بچن”،اشونی دھیر کی” سن آف سردار“ اور پریا درشن کی ”تیز “اجے دیوگن کی آنے والی فلمیں ہیں ۔ان فلموں کی کاسٹ ، بجٹ اور ٹیکنالوجی کو مد نظر رکھا جائے تو 30 کروڑ معاوضہ کی خبریں، افواہوں سے زیادہ حقیقت کا روپ دھارتی نظر آتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG