رسائی کے لنکس

نئی بالی وڈ فلم ’بنگستان‘ کی نمائش پر پابندی عائد


فلم میں رتیش دیش مکھ اور پراوین چترویدی نے خودکش بمباروں کا کردار ادا کیا ہے جو ایک مشن میں اپنی جان دینے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ اس دوران وہ جن حالات سے گزرتے ہیں فلم کی کہانی اسی کے گرد گھومتی ہے

پاکستان کے مرکزی سنسر بورڈ نے جمعہ کو ریلیز ہونے والی نئی بھارتی فلم ’بنگستان‘ کو نمائش کی اجازت نہیں دی۔

سنسر بورڈ کا موقف ہے کہ فلم پاکستان میں رہنے والے ہندووٴں اور مسلمانوں کے حوالے سے اشتعال انگیزی کا سبب بن سکتی ہے ۔ اس میں مذہب کو ’طنزو مزاح‘ کے روپ میں پیش کیا گیا ہے اور ایڈیٹنگ کے باوجود اسے نمائش کے لئے موزوں قرار نہیں دیا جاسکتا۔

سنسر بورڈ کے چیئرمین مبشرحسن نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا ’سنسربورڈ فلم کی نمائش روکنے کے لئے سیکریٹری انفارمیشن اور پیمرا کے تعاون کا بھی متمنی ہے۔انفارمیشن سیکریٹری کو درخواست دی جائے گی کہ وہ فلم کی سی ڈیز اورڈی وی ڈیز کی فروخت پربھی مکمل پابندی عائد کرے جبکہ پیمرا کو سفارش کی جائے گی کہ فلم کی کیبل پر نمائش کو بھی روکا جائے۔‘

ادھر فلم کے پروڈیوسر رتیش سدھوانی کا کہنا ہے کہ ’فلم مسلمان اور پاکستان کے قطعی مخالف نہیں۔یہ دہشت گردی کے خلاف بنائی گئی ہے اور پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے۔ اس لئے، یہ پاکستان کے بھی مفاد میں ہے۔فلم کے ذریعے پیغام دیا گیا ہے کہ کسی بھی مقصد کے بغیراپنی جان دینا یاکسی کی جان لینا سب سے بڑی بیوقوفی ہے۔‘

فلم میں رتیش دیش مکھ اورپراوین چترویدی نے خودکش بمباروں کا کردار ادا کیا ہے جو ایک مشن میں اپنی جان دینے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ اس دوران وہ جن حالات سے گزرتے ہیں فلم کی کہانی اسی کے گرد گھومتی ہے۔

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق، رتیش سدھوانی نے فلم پرپابندی کے فیصلے پر نظرثانی کرنے کے لئے حکام کوخط لکھا ہے۔

ایک اور بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ نے رتیش سدھوانی کے حوالے سے یہ خبر دی ہے کہ ’بنگستان‘ کی نمائش پر پاکستان کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات میں بھی پابندی لگادی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG