رسائی کے لنکس

logo-print

اکشے کمار کی فلم ”ہاوٴس فل ٹو“ 100 کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب


بالی ووڈ ایکٹر اکشے کمار عامر خان اور سلمان خان کے برابر آکھڑے ہوئے ہیں۔ ان کی فلم ” ہاوٴس فل 2“ نے گیارہ دنوں میں سو کروڑ یعنی ایک ارب کا بزنس کرکے دھوم مچا دی ہے۔ ’مسٹر کھلاڑی‘ کا لقب رکھنے والے اکشے کمارکی نئی فلم ”ہاوٴس فل 2“سلمان خان کی فلم” دبنگ“ اور عامر خان کی ”تھری ایڈیٹس“ کے بعد دوسرے ویک اینڈ پر سب سے زیادہ کلیکشن کرنے والی تیسری فلم بن گئی ہے۔

اکشے کمار کی اس کامیابی کا سہرا ساجد خان کے سر سجتا ہے جن کی میگا بجٹ اورملٹی اسٹارٹر سیکوئل ”ہاوٴس فل ٹو“نے نیاریکارڈ قائم کردیا ہے ۔گیارہ دنوں میں 100کروڑ روپے کا بزنس کرنا نہایت مشکل ریکارڈ ہے۔ اکشے کے لیڈ رول والی اس فلم کے آگے ”بٹو باس“، ” اب ہوگا دھرنا ان لمیٹڈ“ اور” چھوڑو کل کی باتیں “باکس آفس پر پھیکی پڑ گئی ہیں۔

ہاؤس ٹو نے دوسرے ویک ایند پر زبردست بزنس کیا ۔ بھارتی میڈیا سے موصولہ اطلاعات کے مطابق دہلی یوپی سیکٹر میں اس فلم نے آٹھ دن میں تیرہ کروڑ روپے کمائے جو اکشے کی اب تک کی ریلیز ہونے والی فلموں میں سب سے زیادہ کمانے والی فلم ہے ۔

پچھلے ہفتے فلم نے بھارت بھر میں 57کروڑ روپے کمائے۔ دوسرے ہفتے کے پہلے چار دنوں میں قریب 22کرورڑ روپے کا بزنس کیا اور بیرون ملک میں 25کروڑ روپے کمائے ۔اس طرح اپنی ریلیز کے گیارہوں دن 100 کروڑ کابزنس کرنے والی فلموں کے کلب میں ” ہاوٴس فل ٹو“ کا نام بھی درج ہوگیا ہے۔

XS
SM
MD
LG