رسائی کے لنکس

بالی وُڈ: رومانٹک تھریلر فلم ۔ کارتھِک کالنگ کارتھِک


بالی وُڈ: رومانٹک تھریلر فلم ۔ کارتھِک کالنگ کارتھِک
بالی وُڈ: رومانٹک تھریلر فلم ۔ کارتھِک کالنگ کارتھِک

ہندی فلموں میں ہیرو کے کردار کو نئی تمثیل دینے والے فرحان نے اس فلم میں اداکاری کا جادو جگایا ہے۔

مور بالی وڈ فلمساز اور ایکٹر فرحان اختر کی بطور ہیرو نئی رومانٹک تھریلر فلم کارتھِک کالنگ کارتھِک جمعے 26 فروری کے روز پورے بھارت میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ فرحان بالی وڈ کا وہ چہرہ ہے جس نے ہندی فلموں میں ہیرو کے کردار کو ایک مختلف اور نئی تمثیل دی ہے۔

فلم نقاد اور صحافی فہیم روحانی نے وی او اے اردو ویب سائیٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فرحان نے ہمیشہ اپنی اداکاری سے لوگوں کو حیرت زدہ کیا ہے۔ وہ سپر ہٹ فلم راک آن کا اعلی طبقے سے تعلق رکھنے والا آدتیہ شروف ہو یا پھر لک اتفاقیہ فلمی دنیا میں قدم رکھنے کی چاہ کا سپنا دیکھنے والا وکرم جے سنگھ کا کردار، فرحان نے اپنے ہر فلمی کردار کے ذریعے سنیمابینوں کے ساتھ ساتھ فلم ناقدین کے دل ودماغ پر اپنے گہرے نقش چھوڑے ہیں۔ پرانی تاریخ کو دوہراتے ہوئے ایک بار پھر نئی فلم میں کارتھک کے کردار میں نوجوان نسل انہیں پسند کرے گی۔


فرحان کی نئی فلم کارتھِک کالنگ کارتھِک میں ہیروئین کا کردار دیپیکا پڈوکونے کررہی ہیں۔ اصل زندگی میں اپنے بوائے فرینڈ رنبیر کپور کے ساتھ بریک اپ کے بعد دیپیکا کی پہلی فلم ہے۔ فلم میں ہدایت کاری کے فرائض نوجوان ڈائریکٹر وجے لالوانی نے انجام دیے ہیں۔ بطور ڈائریکٹر لالوانی کی یہ پہلی فلم ہے۔

اپنی نئی فلم کی تشہیر کے دوران فرحان نے کہا کہ انہوں نے اپنی پہلی دو فلمیں بھی نئے فلمسازوں کے ساتھ کی ہیں۔ اور وہ بالی وڈ میں آنے والے نئے مصنفین کی صلاحیتوں سے کافی متاثر ہیں۔ خبروں کے مطابق فلم کارتھِک کالنگ کارتھِک کی اسکرپٹ فرحان کو اتنی زیادہ پسند آئی کہ انھوں نے لالوانی کی فلم کو پروڈیوس کرنے کا فیصلہ کیا۔

فلم کارتھِک کالنگ کارتھِک کے نغمے سنیمابینوں کے درمیان کافی مقبول ہورہے ہیں۔ ٹیلی ویژن پر نشر کیے جارہے فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر لگتا ہے کہ شاید فلم میں فرحان کا دوہرا کردار ہے تاہم فرحان کا کہنا ہے کہ اِس راز پر سے پردہ فلم کی ریلیز کے بعد ہی اٹھے گا۔

اپنی اس فلم کی ریلیز کے بعد فرحان بطور ہدایت کار اپنی ہٹ فلم ڈان کا اگلا حصہ بنانے کی تیاری میں لگ جائیں گے۔ ڈان کی سیکول فلم میں بھی مرکزی کردار میں بالی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان اور پرینکا چوپڑا نظر آئیں گے۔ واضح رہے کہ بطور ہدایت کار فرحان نے فلم دل چاہتا ہے سے بالی وڈ میں قدم رکھا تھا۔

XS
SM
MD
LG