رسائی کے لنکس

”کیا سپرکول ہیں ہم” ایک دن میں 7کروڑ روپے کا بزنس کرنے میں کامیاب


فلم ”کیا سپرکول ہیں ہم” کے مناظر
فلم ”کیا سپرکول ہیں ہم” کے مناظر
پروڈیوسر ایکتا کپور کی کامیابیوں میں ایک اوراضافہ ہونے جارہا ہے۔ ان کی نئی فلم ”کیا سپر کول ہیں ہم “ نے ایک دن میں 7کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کرلیا ہے۔ فلم پچھلے ہی جمعہ کو ریلیز ہوئی تھی اور صرف ایک دن یعنی چار پانچ شوز میں ہی اس نے 7کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرلیا۔

ایکتا کپور کی خوش قسمتی یہیں تک محدود نہیں بلکہ انہیں ایک اور کامیابی اس حوالے سے بھی ملی ہے کہ باکس آفس پر لاکھوں لوگوں کے دل جیتنے والی یہ ان کی مسلسل ساتویں فلم ہے۔ اس سے پہلے ان کی چھ فلمیں ” لو سیکس اور دھوکا“، ونس سپورن اے ٹائم ان ممبئی“، ”شور ان دی سٹی “ راگنی ایم ایم ایس“ ، ”دی ڈرٹی پکچر “میلا لوٹ چکی ہیں۔

ایک بھارتی ویب سائٹ گلیم شیم ڈاٹ کام اور باکس آفس انڈیا ڈاٹ کام کے مطابق فلم جمعہ کوملک بھر کے 1421 سنیماگھروں میں ریلیز ہوئی تھی ۔ فلم نے پہلے ہی دن سات کروڑ بارہ لاکھ روپے کا بزنس کیا۔کسی بھی فلم کے لئے پہلے ہی دن اتنا بزنس کرنا کمال سمجھا جاتا ہے ۔ اس طرح فلم ” کیا سپرکول ہیں ہم “ سال کی ایسی 10بہترین فلموں میں شامل ہوگئی ہے جنہوں نے ریلیز کے پہلے ہی دن ریکارڈ توڑ بزنس کیا۔

فلم کو ریلیز کے دوسرے اور تیسرے دن یعنی ہفتے اور اتوار کو بھی اچھا رسپانس ملا اور یوں مجموعی طور پر فلم نے تین دنوں میں 22کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا۔ ایکتا کپور کا کہنا ہے کہ فلم کی ریلیز پر نقادوں کی جانب سے ہمیں ’گالیاں‘ اور باکس آفس پر ناظرین کی جانب سے ’تالیاں‘ ملیں۔

فلم کے سٹیلائٹ حقوق اور آڈیو حقوق پہلے ہی فروخت ہوچکے ہیں ۔ ان سے بھی فلم کو خاصا فائدہ ہوا ہے۔ فلم کے نمایاں فنکاروں میں شامل ہیں تشار کپور، رتیش دیش مکھ، سارہ جین ڈیاز، نیہا شرما اور چنکی پانڈے۔
XS
SM
MD
LG