رسائی کے لنکس

منموہن سنگھ کی سیاسی زندگی پر مبنی فلم کی پاکستان میں نمائش کی اجازت


اس فلم میں انوپم کھیر نے منموہن سنگھ کا کردار کیا ہے
اس فلم میں انوپم کھیر نے منموہن سنگھ کا کردار کیا ہے

ویب ڈیسک: بھارت کے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی سیاسی زندگی پر مبنی فلم ’ایکسی ڈینٹل پرائم منسٹر‘ کو پاکستان میں نمائش کی اجازت دے دی گئی ہے۔  اس فلم میں معروف اداکار انوپم کھیر نے منموہن سنگھ کا کردار ادا کیا ہے۔

سینٹرل بورڈ آف فلم سینسرز پاکستان کے چیئرمین دانیال گیلانی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ بورڈ نے پاکستان میں اس فلم کی سکریننگ کیلئے اجازت دے دی ہے۔

بھارتی اخبار ’انڈین ایکسرپیس‘ کے مطابق فلم کے پروڈیوسر جیئنتی لال گاڈا نے اس خبر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہوں نے عمران خان کو ایک دلیر کرکٹر کی حیثیت سے ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے اور اب وہ وزیر اعظم کی حیثیت سے اُن کی عزت کرتے ہیں۔ اُنہوں نے ایک بیان میں کہا کہ وہ پاکستان کے سینسر بورڈ کے شکرگزار ہیں جس نے اس فلم کی پاکستان میں نمائش کی اجازت دی ہے اور اب پاکستانی فلم بین بھی اس فلم کو دیکھ سکیں گے۔

یہ فلم اسی نام سے سنجے بارو کی لکھی ہوئی کتاب پر مبنی ہے اور اسے بھارت میں گزشتہ ہفتے ریلیز کیا گیا۔ اس کی ریلیز کے موقع پر فلم کے خلاف مظاہرے بھی ہوئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ فلم میں منموہن سنگھ کو ایک ایسے کمزور وزیراعظم کے طور پر پیش کیا گیا ہے جس کی ڈوریں سونیا گاندھی اور اُن کے خاندان کے ہاتھ میں تھیں۔

فلم کا ایک منظر جس میں منموہن سنگھ سونیا گاندھی کے ساتھ کھڑے ہیں
فلم کا ایک منظر جس میں منموہن سنگھ سونیا گاندھی کے ساتھ کھڑے ہیں

اس کے علاوہ انوپم کھیر اور اُن کے ساتھی اداکار اکشے کھنا کے خلاف مقدمہ بھی دائر کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ فلم کے ذریعے ڈاکٹر منموہن سنگھ کی ساکھ خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

فلم ’ایکسی ڈینٹل پرائم منسٹر‘ پاکستان میں اس جمعہ سے ریلیز کی جا رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG