رسائی کے لنکس

رانی مکھرجی کا مقدر، فلم تلاش کی کامیابی سے مشروط


رانی مکھرجی کا مقدر، فلم تلاش کی کامیابی سے مشروط
رانی مکھرجی کا مقدر، فلم تلاش کی کامیابی سے مشروط

عامر خان اور رانی مکھرجی کی جوڑی تو آپ کو یاد ہوگی ہی۔ ”آتی کیا کھنڈالہ“ جیسا سرہٹ گاناانہی دونوں پر پکچرائز کیاگیا تھا۔ اب یہی” کھنڈالہ گرل“عامر خان کے ساتھ نئی فلم ”تلاش“ میں آپ کو جلد دکھائی دیں گی۔ ”تلاش “ کی ڈائریکٹر ہیں ریما کگتی جبکہ دیگر فنکاروں میں ایک اور نام قابل ذکر ہے ، اور وہ ہے۔۔ کرینہ کپور!!!
اگرچہ فلم جون میں ریلیز ہوگی لیکن اس کا ٹریلر ریلیز ہوگیا ہے جس سے یہ اندازہ لگایا جارہا ہے کہ فلم سسپنس اور تھرلر ہوگی۔آج کل جس قسم کی فلمیں کامیاب ہورہی ہیں ان میں سسپنس اور تھرلر دونوں کی ہی آمیزیش ہوتی ہے لہذا امید کی جارہی ہے کہ ”تلاش “ بھی آسانی سے کامیاب ہوجائے گی۔
پھر اس فلم کے ساتھ عامر خان کا نام بھی تو جڑا ہے جو ”اکھی ممبئی “ میں ”مسٹر پرفیکٹ“ کہلاتے ہیں۔ کامیاب ہونے کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ عامر اور رانی کی جوڑی اسکرین پر کامیاب رہی ہے۔ فلم ”غلام“ کی مثال سب کے سامنے ہے۔
لیکن وہ کہتے ہیں نہ کہ کامیابی کے زیادہ امکانات ہوں تب بھی ایک آدھ فیصد ناکامی کے بھی چانسز رکھنے چاہئیں۔ اگر واقعی ایسا ہوا تو ۔۔۔بقول فلمی پنڈت’ایسی صورت میں رانی مکھرجی کے پاس بالی ووڈ میں دوبارہ آنے کا موقع نایاب ہوجائے گا ۔۔۔کیوں کہ بہت ساری ہیروئنزکامیابی کے لئے لائن لگائے کھڑی ہیں۔‘

رانی کی کچھ کامیاب فلمیں
رانی کی سابقہ فلموں پر نظر ڈالی جائے توان کی ہٹ فلموں میں” غلام، کچھ کچھ ہوتا ہے، بلیک“اور” ہم تم“ کانام سرفہرست نظر آتاہے جبکہ ” دل بولے ہڑپہ، تارا رم پم“ اور ” لاگا چنری میں داغ“ جیسی فلموں کے نام شامل ہیں۔
ان فلموں میں رانی کا کردار اندھی اور بہری لڑکی ،کرکٹ کی دیوانی پنجابی لڑکی، ایک ریسر کی بیوی اور کال گرل کارہا ہے ۔ رانی ان تمام کرداروں میں اپنے آپ کو منجھی ہوئی اداکارہ ثابت کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔
لیکن۔۔۔اس کے باوجود گزشتہ کئی سالوں سے قسمت کی دیوی رانی مکھرجی سے روٹھی ہوئی دکھائی دیتی ہے لہذا خود رانی کو فلم ”تلاش“ سے جڑے اپنی قسمت کے فیصلے کا انتظار ہے۔ اور ۔۔۔یہ فیصلہ جون میں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG