رسائی کے لنکس

ڈینزل واشنگٹن کی نئی سائنس فکشن فلم


ڈینزل واشنگٹن کی نئی سائنس فکشن فلم
ڈینزل واشنگٹن کی نئی سائنس فکشن فلم

ہالی وڈ کے مشہور ہیرو ڈینزل واشنگٹن نے نئی فلم The Book of Eli میں ایک ایسے شخص کا کردار ادا کیا ہے جو ایک تباہی کے شکار علاقے میں تاریکی دور کرنے کے لیے ایک روحانی مشن پر کام کر رہا ہے اور اسے بالآخر اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کرنے کی توقع ہے۔

ڈینزل اس فلم میں ایک تباہ شدہ خطے کے باسی ہیں۔ وہ خود اچھی طرح مسلح ہیں، کیونکہ وہ دنیا سے ابتری دور کرنے کے ارادے سے نکلے ہیں۔ ان کے پاس ایک پھٹا پرانا تھیلا ہے جس میں ان کا سب سے قیمتی چیزیں ہیں، جسے وہ ہر قیمت پر بچانا چاہتے ہیں۔

تھیلے میں سونا یا جوہرات نہیں ہیں، بلکہ چمڑے کی جلد کی ایک کتاب ہے جس کے سرورق پر چمکتا ہوا کراس کا ایک نشان ہے۔

ڈینزل واشنگٹن اس فلم کے پروڈیوسر بھی ہیں اور آسکرایوارڈ یافتہ اداکار بھی۔ وہ کہتے ہیں کہ لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ آیا اس فلم کا تعلق بائبل سے ہے تو میں کہتا ہوں کہ نہیں۔ اس کا تعلق روحانی قوت سے ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ اصل میں یہ ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جو ایک مشن پر ہے، تاہم اسی سفر میں وہ دنیا کا سب سے زیادہ ظالم شخص بن جاتا ہے۔ایک ایسے وقت میں جب اس کی ہلاکت خیزی اپنی انتہا کو چھو رہی ہوتی ہے، ایک نوجوان اور معصوم لڑکی سامنے آتی ہے اور اسے ظلم روکنے کے لیے کہتی ہے۔

ڈینزل واشنگٹن کہتے ہیں کہ اس شخص کے سرپر اپنی چیزیں بچانے کا ایسا جنون سوار ہوتا ہے کہ وہ اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز اور ہر ایک کو ہلاک کرنا شروع کر دیتا ہے۔ مگر ایسے میں وہ معصوم لڑکی جو نہ تو خدا کے بارے میں کچھ جانتی ہے اور نہ ہی اسے پڑھنا آتا ہے، اس کی زندگی کو بدل دیتی ہے اور وہ دوبارہ ایک نیک انسان بن جاتا ہے۔

میلا کیونس نے اس فلم میں سولارا کا کردار ادا کیا ہے۔ وہ ایک نوجوان عورت ہے جو جسے وہ ایک چھوٹے قصبے کے ظالم حاکم کے کارنیگی کے پنجے سے نجات دلاتا ہے اور وہ اس کی پیروکار بن کر اس کے ساتھ سفر میں شریک ہو جاتی ہے۔

برطانوی اداکار گیری اولڈ مین نے اس فلم میں ایک چالاک اور شاطر ویلن کا کردار ادا کیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کارنیگی افراتفری کا خاتمہ چاہتا ہے۔ میں نے جب اسے پڑھا تو مجھے خیال آیا کہ یہ سب کچھ امریکہ کی پرانی مغربی انداز کی مخصوص فلموں جیسا ہے۔ اور تباہی کے اس منظر میں گھوڑے نہیں ہیں بلکہ ہتھیار بند ٹرک ہیں۔

جڑواں بھائیوں البرٹ اور ایلن ہگیز نے فلم ’ The Book of Eli‘ کی ہدایت کاری کی ہے۔ ایلن کا کہنا ہے کہ اس فلم میں کسی مخصوص مذہبی عقیدے کی نہ تو تبلیغ کی گئی ہے اور نہ ہی اس کی وکالت، بلکہ اس فلم میں صرف روحانی پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ فلم ایک شخص کے ذاتی عقیدے اور اس کی پرکھ کے بارے میں ہے اور اس بارے میں ہے کہ وہ اس سلسلے میں کیا کیا قربانی دیتا ہے۔ اس فلم میں ہم لوگوں کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ وہ فلم کو اس نظر سے دیکھیں جیسا کہ وہ بائیبل یا کسی اور الہامی کتاب کو دیکھتے ہیں۔وہ کہتے ہیں کہ ہم نے ایک ایسی فلم بنانے کی کوشش کی ہے جس میں تفریح بھی موجود ہو۔

فلم میں رے سٹیون سن نے کارنیگی کے ایک نائب کے طور پر کام کیا ہے۔جب کہ جینی فربیلز نے ایک ایسی نابینا عورت کا کردار ادا کیا ہے جسے اپنی بیٹی کے اچھے مستقبل کی امید زندہ رکھے ہوئے ہے۔فلم کا سکرین پلے گیری وٹا نے لکھا ہے جب کہ فلم کی موسیقی ایٹی کس راس نے ترتیب دی ہے۔

XS
SM
MD
LG