رسائی کے لنکس

باکس آفس کی نئی فلمیں ’جے ہو‘ اور ’لانگ واک ٹو فریڈم‘


جمعہ 24 جنوری کو باکس آفس پر ’بالی وڈ بمقابلہ ہالی وڈ‘ نظر آرہا ہے، جہاں سلمان خان کی کئی مہینے سے خبروں میں بحث کا موضوع بننے والی فلم ’جے ہو‘ کے ساتھ ساتھ ’منڈیلا: لانگ واک ٹوفریڈم‘ بھی نمائش کے لئے پیش کر دی گئی۔ اس فلم کے بھی انگنت لوگ منتظر تھے۔

کراچی ... ہر ویک اینڈ پر نئی فلموں کا جمعہ بازار لگتا ہے۔ اس دن فلموں کے درمیان کامیابی کے لئے گویا دوبدو لڑائی ہوتی ہے۔ کچھ فلمیں ہٹ، کچھ سپرہٹ تو کچھ فلاپ ہو جاتی ہیں۔ لیکن، آج یعنی جمعہ 24 جنوری کو، باکس آفس پر ’بالی وڈ بمقابلہ ہالی وڈ‘ نظر آ رہا ہے، جہاں سلمان خان کی کئی مہینے سے خبروں میں بحث کا موضوع بننے والی فلم ’جے ہو‘ کے ساتھ ساتھ ’منڈیلا: لانگ واک ٹوفریڈم‘ بھی نمائش کے لئے پیش کردی گئی۔ اس فلم کے بھی انگنت لوگ منتظر تھے۔

فلم ہو سلمان خان کی اور اس کے بارے میں چرچے نہ ہوں، ایسا ممکن نہیں۔ سلمان کے بھائی سہیل خان کی ڈائریکشن میں بننے والی ’جے ہو‘ کی بھرپور تشہیر کے لئے سلمان نے ہرطریقہ استعمال کیا اور فلمی حلقوں میں یہ اندازہ لگایا جانے لگا کہ کیا فلم 300کروڑ کا ’جادوئی ہندسہ‘ عبور کرلے گی۔۔

’جے ہو‘ سلمان کے پرستاروں کے لئے یقیناً ایک شاندار ’ٹریٹ‘ ثابت ہوگی۔ فلم میں سلمان اپنے دبنگ اسٹائل میں فوجی افسر کا کردار نبھا رہے ہیں، جو وزیراعلیٰ کے قتل کی سازش بے نقاب کرتا ہے۔ وہ شیر کی طرح دہاڑتا ہوا دشمن پر پل پڑتا ہے، درجنوں غنڈوں کو ٹھکانے لگاتا ہے اور ان سب ہنگاموں کے دوران رومنس کرنے کے لئے بھی وقت نکال لیتا ہے۔۔۔

گوکہ یہ ’انسٹنٹ فلمی فارمولہ‘ بہت پرانا ہو چلا ہے، لیکن سلمان سمیت کئی ہیروز کی بیشمار فلموں میں یہی سب کچھ ہوتا ہے۔۔۔اور مزے کی بات یہ ہے کہ لوگ یہی دیکھنا بھی چاہتے ہیں۔۔۔ورنہ فلمیں ہٹ کیوں ہوتیں۔

’جے ہو‘ میں سلمان کی ہیروئن ہیں بالی وڈ میں نیا نیا قدم رکھنے والی ڈیزی شاہ، جبکہ سنیل شیٹھی، جینیلیا ڈی سوزا، ثنا خان، نادرہ ببر اور ادیتیہ پنچولی بھی ’جے ہو‘ کی کاسٹ کا حصہ ہیں۔

اب ذرا بات ہوجائے جسٹن چیڈوک کی جنوبی افریقہ کے سابق صدر اور نسل پرستی کے خلاف جدوجہد کرنے والے عظیم رہنما نیلسن مینڈیلا کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ’لانگ واک ٹو فریڈم‘ کی۔

ادریس البا اور نومی ہیرس نے فلم میں مرکزی کردار ادا کئے ہیں۔

’لانگ واک ٹو فریڈم‘ نیلسن مینڈیلا کی نوجوانی، نسل پرستی کے خلاف تاریخی جدوجہد اور جیل میں گزارے گئے ان کے 27سالوں کا احاطہ کرتی ہے۔ بھارت کے ’این ڈی ٹی وی‘ کا کہنا ہے کہ ’لانگ واک ٹو فریڈم‘ ہالی وڈ کے فلمی پرستاروں کو یقیناً پسند آئے گی۔
XS
SM
MD
LG