رسائی کے لنکس

تیل کے اخراج کا کوئی خطرہ نہیں: برٹش پٹرولیم


تیل کے اخراج کا کوئی خطرہ نہیں: برٹش پٹرولیم
تیل کے اخراج کا کوئی خطرہ نہیں: برٹش پٹرولیم

برٹش پٹرولیم کمپنی کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ خلیج میکسیکو میں پھٹنے والے کنوئیں پرانہوں نے جو کیپ نصب کیا ہے، وہ اپنی جگہ پر اس وقت تک برقرار رہے گا، جب تک کنوئیں کی مستقل مرمت نہیں کرلی جاتی۔تین روز قبل لگائے جانے والے اس کیپ کے بعد سے کنوئیں سے تیل اور گیس کا اخراج بند ہے۔

اپریل میں خلیج میکسیکو میں کھدائی کے دوران رگ اسٹیشن پر دھماکے کے بعد سے لاکھوں گیلن خام تیل سمندر میں بہہ چکاہے۔

بی پی کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ ان کا تیل کے دباؤ کی پیمائش کے لیے کنوئیں پر لگائے جانے والا ڈھکن کھولنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ہفتے کے روز تک اس سلسلے کے تجربات مکمل ہونے کی توقع تھی، لیکن انجنیئروں کا کہنا ہے کہ وہ مزید اعداد وشمار اکھٹے کرنے کےلیے کنوئیں کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں۔

برٹش پٹرولیم کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈگ سٹلز کا کہنا ہے کہ موجودہ وقت میں کیپ کی تنصیب خلیج میکسیکو کے پانیوں میں تیل کا بہاؤ روکنے کا سب سے بہتر طریقہ ہے تاکہ انجنیئرآنے والے ہفتوں میں کنوئیں کو سیمنٹ سے بند کرنے کا کام کرسکیں۔

ان کا کہناتھا کہ اگرموجودہ حوصلہ افزا صورت حال برقرار رہتی ہے تو ہمیں توقع ہے کہ ہم مستقل طورپر کنواں بند کرنے کی اپنی کوششیں پورے خلوص کے ساتھ جاری رکھ سکیں گے۔اس وقت کنوئیں کو دوبارہ کھولنے کا ہمارا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

ہفتے کے روز کوسٹل گارڈ ایڈمرل تھاڈ ایلن نے،جو صورت حال کی نگرانی کررہے ہیں،کہا کہ اس سلسلے کے تجربے کو اتوار تک مؤخر کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی عہدے دار اور برٹش پٹرولیم کے انجنیئر کنوئیں پرمسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں ۔

برٹش پٹرولیم کے ڈگ سٹلز نے اتوار کے روز کہا کہ ان کے ماہرین کو ایسے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں جن سے یہ ظاہر ہوتا ہو کہ کنوئیں پر کیپ لگانے سے کوئی مسئلہ پیدا ہورہاہے اور اسے ہٹائے جانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہناتھا کہ کنوئیں کے اندر تیل کا دباؤ میں آہستہ آہستہ بڑھ رہاہے۔اور یہ کہ سطح سمندر سے تقریباً چار کلومیٹر گہرائی میں واقع کنوئیں کے پائپ کو نقصان پہنچنے کی کوئی علامت دکھائی نہیں دے رہی۔

سٹلز نے مزید کہا کہ کیپ لگانے سے تیل کے اخراج کی وجہ سے ماحولیات کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے میں مدد ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب خلیج میکسیکو کے پانی میں تیل کی مقدار میں کمی واضح طور پر دکھائی دے رہی ہے، کیونکہ ہم نے نہ صرف تیل کا نیا اخراج بند کردیا ہے بلکہ ہم وہاں بکھرجانے والے تیل کواکھٹا بھی کرچکے ہیں۔اور گذشتہ کئی روز سے ساحلی علاقوں پر تیل کے نئے اثرات دکھائی نہیں دے رہے۔

برٹش پٹرولیم کے انجنیئروں کا کہنا ہے کہ ہم اس صورت میں کنوئیں کو دوبارہ کھولنے کی بھی تیاری کررہے ہیں اگر تجربات سے یہ ظاہر ہوا کہ تیل کے دباؤ میں اضافےسے کنوئیں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔ایسی صورت حال میں عملے کے ارکان کیپ سسٹم کے ذریعے تیل کو سطح پر موجود ایک بحری جہاز میں منتقل کردیں گے۔

سٹلز کا یہ بھی کہنا تھا کہ امدادی کنوئیں کی تکمیل کے لیےڈرلنگ کے عملے کو اپنا کام ختم کرنے کے لیے اب مزید صرف 30 میٹر تک کھدائی کرنی ہے۔ نئے کنوئیں کو موجودہ کنوئیں میں سیمنٹ کی بھرائی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کنواں بند کرنے کاکام جولائی کے آخر یا اگست کے وسط تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔



XS
SM
MD
LG