رسائی کے لنکس

تیل کے اخراج کو روکنے سےقبل، بی پی تجزیاتی تجربات کرے گی


تیل کے اخراج کو روکنے سےقبل، بی پی تجزیاتی تجربات کرے گی
تیل کے اخراج کو روکنے سےقبل، بی پی تجزیاتی تجربات کرے گی

‘بی پی’ نے، جوتیل کی تلاش کی دنیا کا ایک بڑا نام ہے، کہا ہے کہ خلیج میکسیکو میں تباہ کن تیل کےاخراج کو بند کرنے کے مشکل عمل سےگزرنے سے قبل وہ کئی گھنٹوں کے تجزیاتی تجربات کرنا چاہتی ہے۔

ادارے نے منگل کے روز بتایا کہ یہ تجربات ‘ٹاپ کِل’ نامی کارروائی کی تیاری کے سلسلے میں کی جائیں گی، جس میں ڈرلنگ کے ذریعے گاڑھا سیال مادہ تیل کے کنویں میں ڈالا جائے گا تاکہ تیل اور گیس کے بہاؤ کو روکا جاسکے۔ اُن تجربات میں 24گھنٹے لگ جائیں گے۔

‘بی پی’ کے سینئر نائب صدر کینٹ ویلز نے بتایا ہے کہ اِس تجزیاتی مرحلے کے دوران حاصل ہونے والی اطلاعات فیصلہ کُن اہمیت کی حامل ہوں گی۔

اُنھوں نے بتایا کہ ‘ٹاپ کِل’ کارروائی بدھ تک شروع کی جاسکتی ہے۔

کمپنی کے عہدے داروں کے مطابق کامیابی کے امکانات 60سے70فی صد تک ہیں، کیونکہ کنواں سطح ِ زمیں سے 1500میٹر اندر تک کی گہرائی میں واقع ہے اور کبھی ‘ ٹاپ کِل آپریشن’ اتنی گہرائی میں عمل میں نہیں لایا گیا۔

دریں اثنا، امریکی انتظامیا کے ایک سینئر عہدے دار نے کہا ہے کہ صدر براک اوباما جمعے کے روزخلیج کے ساحلی شہر لوئی زیانا جائیں گے، جہاں وہ تیل کے نقصان دہ بہاؤ کو قابو میں لانے کے اقدامات کا جائزہ لیں گے۔

XS
SM
MD
LG