رسائی کے لنکس

برینسٹیڈ کی چین میں بطور امریکی سفیر نامزدگی کی توثیق


ٹیری برینسٹیڈ

امریکہ کی سینیٹ نے آئیوا ریاست کے گورنر ٹیری برینسٹیڈ کی چین میں امریکی سفیر کے لیے نامزدگی کی توثیق کر دی ہے۔

پیر کو سینیٹ میں اس نامزدگی کے حق میں 82 اور مخالفت میں 13 ووٹ آئے۔ تمام مخالف ووٹ ڈیموکریٹس کے تھے۔

واشنگٹن یہ کوشش کرتا آرہا ہے کہ چین کو پیانگ یانگ کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے پر آمادہ کیا جا سکے جو کہ 2016ء کے اوائل سے دو جوہری تجربات کے علاوہ درجنوں میزائل تجربات کر چکا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متنبہ کیا تھا کہ شمالی کوریا کے ہتھیاروں کے معاملے پر "بہت بڑا تنازع" ممکن ہے، تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ طاقت کے استعمال کی بجائے پیانگ یانگ کے خلاف مزید سخت پابندیاں عائد کرنا ہی ترجیحی راستہ ہو گا۔

برینسٹیڈ کا کہنا ہے کہ وہ امریکہ اور عالمی مفادات کو فروغ دینے کے لیے چین کے صدر شی جنپنگ سے دہائیوں پرانے اپنے تعلقات کو استعمال میں لانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

وہ دونوں پہلی بار 1985 میں ملے تھے جب شی چین کے ایک صوبائی عہدیدار تھے اور اپنی سربراہی میں ایک زرعی تجارتی وفد کو لے کر آئیوا آئے تھے۔ شی بھی برینسٹیڈ کو ایک "پرانا دوست" قرار دیتے ہیں۔

کم رینولڈز۔ فائل فوٹو
کم رینولڈز۔ فائل فوٹو

برینسٹیڈ چھٹی مدت کے لیے آئیوا کے گورنر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ وہ 22 سالوں سے ریاستی حکومت میں ہیں اور امریکہ میں طویل ترین عرصے تک گورنر رہنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

چین میں بطور سفیر تعیناتی کے بعد ان کی جگہ نائب گورنر کم رینولڈز آئیوا کی گورنر کا منصب سنبھالیں گی جو کہ اس ریاست کی پہلی خاتون گونر ہوں گی۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG