رسائی کے لنکس

logo-print

برازیل کی جیل میں مخالف گروہوں کے درمیان جھگڑا، 57 قیدی ہلاک


قیدیوں کے لواحقین معلومات کے حصول کے لیے جیل کے باہر جمع ہیں۔

برازیل کے صوبے 'پارا' کی جیل میں قیدیوں کے دو متحارب گروہوں کے درمیان جھگڑے کے نتیجے میں کم سے کم 57 قیدی ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں سے 16 قیدیوں کے سر قلم کیے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شمالی شہر التامیرا کی جیل میں حریف گروہوں کے درمیان جھگڑے کا آغاز پیر کی صبح سات بجے ہوا۔

ریاست پارا کی حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ 'کمانڈو کلاس اے' نامی جرائم پیشہ گروہ نے مخالف گروپ 'ریڈ کمانڈ' کی بیرک میں آگ لگا دی جس سے کئی قیدی ہلاک ہو گئے۔ قیدیوں نے دو گارڈز کو بھی یرغمال بنا لیا جنہیں بعد ازاں چھوڑ دیا گیا۔

جیل حکام کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے اور اس سے متعلق کوئی پیشگی اطلاع نہیں تھی۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ اقدام بدلہ لینے کی غرض سے کیا گیا۔

برازیل میں اس سے قبل بھی جیلوں میں پرتشدد واقعات رونما ہو تے رہے ہیں جو صدر جائیر بولسانارو کی حکومت کے لیے ایک چیلنج بن چکے ہیں۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق برازیل کی حکومت کو جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کے باعث انہیں کنٹرول کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

رواں سال مئی میں بھی شمالی ریاست ایمیزونا کی ایک جیل میں قیدیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 55 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس سے قبل 2017 میں بھی اسی جیل میں پھوٹنے والے فسادات میں 150 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

برازیل کی جیلوں میں لڑائی جھگڑوں کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
برازیل کی جیلوں میں لڑائی جھگڑوں کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

برازیل کی وزارتِ انصاف کا کہنا ہے کہ وہ ریاست پارا کے حکام سے مل کر جیل میں فساد پھیلانے والے عناصر کو وفاق کے زیرِ انتظام جیلوں میں منتقل کرنے پر غور کر رہی ہے۔

برازیل کی جیلوں میں لگ بھگ ساڑھے سات لاکھ قیدی ہیں اور قیدیوں کی تعداد کے اعتبار سے برازیل دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے۔ برازیل کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی رکھنے کی شکایات عام ہیں۔ ملکی جیلوں کی حالتِ زار بہتر بنانے اور قیدیوں کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے قیدیوں پر مشتمل مختلف تنظیمیں بھی سرگرم ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو دستیاب معلومات کے مطابق برازیل کی جیلوں میں مختلف جرائم پیشہ گروہ سرگرم ہیں جو اسمگل شدہ موبائل فونز کے ذریعے باہر کی دنیا سے رابطے میں رہتے ہیں اور جیلوں میں ان کے درمیان جھگڑے معمول ہیں۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG