رسائی کے لنکس

برازیل: طیارہ حاثے میں ہلاک فٹ بالرز کے احترام میں تقریبات


شہر میں عمارتوں کو فٹبال کلب کے سرکاری رنگ "سبز" سے ڈھک دیا گیا ہے اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب میں شرکت کے لیے یہاں جمع ہے۔

برازیل کے چاپیکو شہر میں ہفتہ کو فضائی انتہائی سوگوار ہے جہاں اوائل ہفتہ طیارے کے حادثے میں مرنے والے مقامی فٹبال کلب کے کھلاڑیوں کی تدفین کی تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔

پیر کو دیر گئے علاقائی فٹبال کو لے جانے والا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا اور اس واقعے میں 71 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ان میں چاپیکو کلب کے 19 کھلاڑی بھی شامل تھے۔

مرنے والوں کے تابوت ہفتہ کو شہر میں پہنچا دیے گئے ہیں جہاں ان کی تدفین ہوگی۔

شہر میں عمارتوں کو فٹبال کلب کے سرکاری رنگ "سبز" سے ڈھک دیا گیا ہے اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب میں شرکت کے لیے یہاں جمع ہے۔

توقع ہے کہ اسٹیڈیم میں ہونے والی اس تقریب میں تقریباً ایک لاکھ لوگ شریک ہوں گے جو کہ اس شہر کی نصف آبادی بنتی ہے۔

امریکی خبر رساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس" کے مطابق جس قبرستان میں مرنے والوں کی تدفین کی جانی ہے وہاں کے عملے نے بتایا کہ یہ ان کے لیے بھی ایک غیر معمولی واقعہ ہے۔

ڈرسیو کوریرا کا کہنا تھا کہ وہ ایک طویل عرصے سے مردوں کی تدفین کرنے کے کام سے منسلک ہیں اور اس قبرستان میں ہر روز دو لوگوں کی تدفین ہوتی رہی ہے۔

"لیکن یہ مختلف ہے، یہ ان خاندانوں کے لیے سانحہ ہے، فٹبال کلب کے لیے سانحہ ہے اور ہمارے لیے بھی کیونکہ ہم بھی اسی شہر کا حصہ ہیں۔"

حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بولیویا کی ایک نجی کمپنی لامیا کی ملکیت تھا اور بتایا جاتا ہے کہ حادثے سے قبل اس نے ایندھن کی کمی کے بارے میں بتایا تھا۔

برازیل کے ذرائع ابلاغ کے مطابق کولمبیا کے شہر میڈیلن کے ہوائی اڈے کے قریب اس طیارے کو تقریباً 16 منٹ تک فضا میں پرواز کرتے رہنا پڑی کیونکہ وہاں ایک طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔

بولیویا کے صدر ایو مورالیز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ طیارے کے حادثے کی وجوہات معمول کی جائیں گی۔ انھوں نے لامیا کا لائسنس معطل کر دیا ہے جب کہ قومی محکمہ ہوابازی کی مینیجمنٹ کو بھی تبدیل کر دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG