رسائی کے لنکس

برطانوی انتخابات میں کسی پارٹی کو واضح کامیابی حاصل نہیں ہوئى


قدامت پرست لیڈر ڈیوڈ کیمرون نے یہ اعتراف کیا ہے کہ اُن کی پارٹی اور لِبرل ڈیموکریٹس کے درمیان پالیسی کے معاملات پر اختلافات ہیں

برطانیہ میں اُن پارلیمانی انتخابات کے بعد اگلی حکومت بنانے کے لیے مذکرات شروع ہوگئے ہیں جن میں حزبِ اختلاف کے قدامت پرستوں نے اگرچہ زیادہ نشتیں حاصل کی ہیں لیکن پھر بھی وہ اِتننی اکثریت میں نہیں ہیں کہ فوری طور پر کوئى حکومت تشکیل دے سکیں۔

اس وقت تقریباً تمام ووٹ گِنے جا چکے ہیں، قدامت پرست 650نشستوں کی پارلیمنٹ میں 306نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں، اور وزیرِ اعظم گورڈن براؤن کی لیبر پارٹی نے 258نشستیں حاصل کی ہیں۔ لیکن دونوں پارٹیاں326نشستوں کی واضح اکثریت کے مقام سے بدستور بہت دُور ہیں۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ لِبرل ڈیمو کریٹک پارٹی، جس نے 57 نشستیں حاصل کی ہیں، ایک ایسی پارٹی بن گئى ہے جس کے ساتھ اتحاد ، کسی مخلوط حکومت کے قیام کے لیے ایک لازمی شرط بن گیا ہے۔

لِبرل ڈیمو کریٹس کے لیڈر نِک کلَیگ نے کہا ہے کہ چونکہ قدامت پرستوں نے پارلیمنٹ کی زیادہ حاصل کی ہیں ، اس لیے اُنہیں پہلے حکومت بنانے کا موقع دیا جانا چاہئیے۔

قدامت پرست لیڈر ڈیوڈ کیمرون نے یہ اعتراف کیا ہے کہ اُن کی پارٹی اور لِبرل ڈیموکریٹس کے درمیان پالیسی کے معاملات پر اختلافات ہیں۔ لیکن انہوں نے اُن شعبوں میں مل کر کام کرنے کی پیش کش کی ہے جہاں اُن میں اتفاقِ رائے ہے۔

وزیرِ اعظم براؤن نے کہا ہے کہ اگر اُن دونوں پارٹیوں کے درمیان مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو وہ کلَیگ اور لِبرل ڈیمو کریٹس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہوں گے۔انہوں نے انتخابی اصلاحات کے لیے کوئى بِل پیش کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے ، جو کہ لِبرل ڈیموکریٹس کا ایک بڑا مطالبہ ہے۔

یہ 1974 کے بعد سے پہلا موقع ہے جب برطانیہ میں عام انتخابات کے بعد ایک ایسی ”معلق پارلیمنٹ “ وجود میں آئى ہے جس میں کسی بھی پارٹی کو فیصلہ کُن اکثریت حاصل نہیں ہوئى۔

قدامت پرست لیڈر ڈیوڈ کیمرون نے جمعے کے روز کہا ہے کہ لیبر پارٹی کی حکومت، اپنے حکومت کرنے کے عوامی اختیار سے محروم ہوگئى ہے اور برطانیہ قیادت میں تبدیلی کے لیے تیار ہے۔

XS
SM
MD
LG