رسائی کے لنکس

برطانیہ: شدید بارش اور طوفانی ہوائیں، نظام زندگی مفلوج


بدترین موسم نے برطانیہ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ میں تباہی مچا رکھی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ایک مرد اور ایک خاتون دریا میں گرنے سے ہلاک ہوئے، جب کہ ایک اور شخص کی ٹریفک حادثہ میں موت واقع ہوگئی ہے

موسلا دھار بارشوں اور آندھیوں نے سارے برطانیہ کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، جس کے باعث لوگوں کے معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ محکمہٴ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ تیز ہواؤں اور شدید بارشوں کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹے تک جاری رہے گا۔
برطانوی ٹی وی کے مطابق، بد ترین موسم نے برطانیہ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ میں نظام زندگی کو بری طرح مفلوج کر دیا ہے۔ شدید بارشوں کی وجہ سے دریاؤں میں طغیانی آگئی ہے، جس کے نتیجے میں ایک مرد اورایک خاتون دریا میں گرنے سے ہلاک ہوگئے ہیں، جب کہ ایک اورشخص کی ٹریفک حادثے میں موت واقع ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شدید طوفانی ہواؤں نے آمدورفت کے نظام کو درہم برہم کر دیا ہے۔ جبکہ، آمدورفت کے لحاظ سے سال کےمصروف ترین دن میں لاکھوں افراد پھنس کر رہے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ کرسمس مے موقعے تک اپنے گھروں تک پہنچنے کے لیے جو لوگ سفرپر ہیں انھیں شدید مشکلات کا سامنا ہے، خاص طور پر شاہراہوں اور ٹرین کا سفر کرنے والے کئی کئی گھنٹوں کے ٹریفک جام یا پھر ٹرین سروس کے التوا کی وجہ سے سخت پریشان ہیں۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بحراوقیانوس سے اٹھنے والا طاقتورطوفان برطانیہ کے جنوبی ساحل سے ٹکرایا ہے جس کے نتیجے میں 80 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں اور طوفانی بارشوں نے برطانیہ کے جنوبی حصوں میں زبردست تباہی مچا دی ہے۔
محکمہ موسمیات نےخبردار کیا ہے کہ لندن، شمالی آئر لینڈ، شمال مغربی اسکاٹ لینڈ کے علاوہ برطانیہ کے مشرقی اور جنوب حصے آج اور کل تک شدید طوفانی ہواؤں کی زد میں رہیں گے، خصوصاً جنوبی مغربی علاقوں میں 80 سے 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہوائیں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلا سکتی ہیں۔

محکمہ ِموسمیات نے ہنگامی صورتحال کے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے خطرے کا ’زرد انتباہ‘ جاری کردیا ہے، جبکہ، بادوباراں کے نتیجےمیں شدید متاثر ہونے والے جنوب مغربی حصوں کے لیے اب تک 218 سیلابی الرٹ اور 57 سیلابی خطروں کی وارننگ جاری کی جا چکی ہیں۔
کرسمس کی چھٹیاں شہر سے باہر گزارنے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محکمہٴ موسمیات کے انتباہ سے باخبر رہیں اور اسی کے مطابق اپنے سفرکی منصوبہ بندی کریں۔ تاہم، لوگوں کو غیر ضروری سفر کرنے سے پرہیزکرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں اور طاقتور طوفانی ہواؤں نے شاہراہوں، ٹرین اور سمندری راستوں کے سفر کو مشکل بنا دیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں شامل کارنوال، برک شائر14ہزار مکانات کی بجلی کی فراہمی معطل ہے ساتھ ہی مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے۔

کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیےکئی ٹرین سروسز کو معطل کیا گیا ہے، جبکہ ہتھرو ایرپورٹ پر درجنوں پراوازیں تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں یا پھر منسوخ کی گئی ہیں۔
XS
SM
MD
LG