رسائی کے لنکس

برطانیہ لیبیائی باغیوں کوحفاطتی آلات اور وردیاں فراہم کرے گا


برطانوی وزیر خارجہ ویلیم ہیگ
برطانوی وزیر خارجہ ویلیم ہیگ

برطانیہ نے لیبیا کے رہنمامعمر قذافی کی حامی افواج سے برسرِ پیکار باغیوں کو حفاظتی لباس، پولیس کی وردیاں اور مواصلاتی آلات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

برطانیہ کے وزیرِخارجہ ولیم ہیگ نے جمعرات کے روز بتایا کہ ان کا ملک لیبیا ئی حزبِ مخالف کی 'عبوری قومی کونسل' سے منسلک پولیس اہلکاروں کو 5000 حفاظتی لباس، 6650 وردیاں اور 5000 حفاظتی جیکٹیں فراہم کرے گا۔

ان کے بقول مذکورہ سامان کی فراہمی سے باغیوں کے زیرِقبضہ علاقوں کی پولیس کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور حزبِ مخالف کے رہنماؤں اور علاقے میں موجود عالمی امدادی کارکنوں کی حفاظت سے متعلق ذمہ داریاں بہتر طور پر ادا کرنے میں مدد ملے گی۔

برطانیہ کی جانب سے مذکورہ اعلان فرانس کے اس بیان کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس میں اس نے باغیوں کو فضائی راستے سے اسلحہ فراہم کرنے کے اپنے اقدام کا دفاع کیا تھا۔

فرانس کا موقف ہے کہ باغیوں کو ہتھیار فراہم کرکے اس نے اقوامِ متحدہ کی جانب سے اسلحہ کی فراہمی پر عائد کردہ پابندی کی خلاف ورزی نہیں کی ہے کیونکہ اس کے بقول خطرے میں گھرے لیبیائی شہریوں کی حفاظت کے لیے ان ہتھیاروں کی ضرورت تھی۔

اقوامِ متحدہ میں فرانس کے سفیر جیرارڈ اروڈ نے گزشتہ روز موقف اختیار کیا تھا کہ ان کے ملک نے سلامتی کونسل کی جانب سے مارچ میں منظور کی گئی قرارداد میں موجود اس چھوٹ کے تحت باغیوں تک فضائی راستے سے ہتھیار پہنچائے ہیں جس میں لیبیا کو 'نو فلائی زون' قرار دیتے ہوئے اس کی فضائی حدود میں صرف شہریوں کے دفاع کے لیے کیے جانےوالے فضائی آپریشنز کی اجازت دی گئی تھی۔

دریں اثناء لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں موجود وزیرِاعظم البغدادی المحمدی نے باغیوں کی پیش قدمی سے متعلق اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی پہاڑی علاقہ میں صورتِ حال "قابو" میں ہے۔

XS
SM
MD
LG