رسائی کے لنکس

برطانیہ میں تاریخی ریفرنڈم، پولنگ کا وقت ختم


برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے معاملے پر ہونے والے تاریخی ریفرنڈم کے لیے پولنگ کا وقت صبح سات بجے شروع ہوا جو رات دس بجے پولنگ جاری رہے گا۔

برطانیہ کے شہری ملک بھر میں ہونے والے ریفرنڈم کے سلسلے میں جمعرات کو اپنا ووٹ ڈال رہے ہیں۔

برطانیہ کے یورپی یونین میں مستقبل کےحوالے سے فیصلہ برطانوی عوام کے ہاتھوں میں ہے کہ آیا برطانیہ کو یورپی یونین کی رکنیت بحال رکھنی چاہیئے یا یورپی یونین سے الگ ہو جانا چاہیئے۔

برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے معاملے پر ہونے والے تاریخی ریفرنڈم کے لیے پولنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے شروع ہوا جو رات دس بجے تک جاری رہے گا۔

پولنگ کا آغاز سب سے پہلے جبرالٹر میں ہوا جہاں پولنگ اسٹیشن صبح چھ بجے کھل گئے اور یہ سلسلہ رات نو بجے تک جاری رہے گا۔

بیلٹ پیپر پر لوگوں سے پوچھا گیا ہے کہ کیا برطانیہ کو یورپی یونین میں رہنا چاہیئے یا برطانیہ کو یورپی یونین کو چھوڑ دینا چاہیئے۔

اس سوال کے جواب میں ووٹروں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ مناسب باکس میں نشان لگا کر یورپی یونین میں رہنے یا چھوڑنے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اس ریفرنڈم میں لگ بھگ چار کروڑ 65 لاکھ ووٹرز ریفرنڈم میں حصہ لینے کے اہل ہیں جن میں دولت مشترکہ کی شہریت رکھنے والے تارکین وطن بھی شامل ہیں۔

یہ برطانیہ کی تاریخ کا تیسرا ریفرنڈم ہے جس کے لیے چار ماہ تک فریقین کی طرف سے انتخابی مہم چلائی گئی۔

ریفرنڈم کے لیے ملک کو 382 حلقوں میں تقسیم کیا گیا ہے ان میں سے 380 انگلینڈ، ویلز، اسکاٹ لینڈ کی مقامی حکومتوں کی نمائندگی کرتے ہیں جبکہ شمالی آئر لینڈ اور جبرالٹر کے لیے ایک، ایک حلقہ شامل ہے۔

انفرادی علاقوں کے نتائج اور علاقائی نتائج کا اعلان رات میں کیا جائےگا، جن میں سے ہر علاقہ اپنے نتائج کا اعلان کرے گا۔

یورپ میں رہنے یا اسے چھوڑنے کے معاملے میں جس فریق کو بھی کل ووٹوں میں سے نصف سے زائد ووٹ حاصل ہوں گے، اسے فاتح قرار دیا جائے گا۔

حتمی نتائج کا باضابطہ اعلان مانچسٹر میں چیف کاؤنٹنگ آفیسر کی طرف سے کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے اندازے کے مطابق حتمی نتائج کا اعلان جمعہ کی صبح تک متوقع ہے۔

ریفرنڈم کےحوالے سے ہونے والی مہم کے بارے میں رائے عامہ کے جائزوں سے اندازا لگایا جا سکتا ہے کہ مقابلہ نہایت سخت ہے۔

بدھ کو آزاد ادارے کام ریس کی طرف سے شائع ہونے والے آخری انتخابی سروے کے نتائج میں یورپی اتحاد میں رہنے کی مہم کو "بریگزٹ" کے مقابلے میں آٹھ پوائنٹس کی سبقت حاصل ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ یورپ سے نکلنے کے معاملے پر حتمی نتائج چاہے کچھ بھی ہوں، اس ریفرنڈم میں برطانوی سیاست بدل گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG