رسائی کے لنکس

برطانیہ: اسکولوں کو دھمکی آمیز کالیں موصول


برطانیہ کے آٹھ یہودی اسکولوں اور لندن کے چھ اسکولوں کو پیر کے روز گمنام کالر کی طرف سے دھمکی آمیز کالز موصول ہوئی ہیں۔ جس میں اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔

پچھلے چند ہفتوں کے دوران لندن، برمنگھم اور گلاسگو کے درجنوں اسکولوں کو دھمکی آمیز ٹیلی فون کالز موصول ہوئی ہیں، جن میں اسکولوں پر بم سے حملہ کرنے کی دھمکی دی جاتی ہے۔

برطانیہ کے آٹھ یہودی اسکولوں اور لندن کے چھ اسکولوں کو پیر کے روز گمنام کالر کی طرف سے دھمکی آمیز کالز موصول ہوئی ہیں۔ جس میں اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسکولوں کو ٹیلی فون پر ریکارڈ شدہ پیغام کے ساتھ یہ کالز موصول ہوئی ہیں، جس میں ایک شخص دھمکی دے رہا ہے، جبکہ پس منظر میں عربی موسیقی سنائی دے رہی ہے۔

یہودی سکیورٹی گروپ شومرم نے کہا کہ لندن سمیت یہودیوں کے کم از کم 9 اسکولوں کو دھمکی آمیز کالیں موصول ہوئی ہیں تاہم کسی ایک اسکول کو بھی اس بم کی اطلاع کے بعد خالی نہیں کرایا گیا ہے۔

لندن پولیس نے تصدیق کی ہے کہ 8 فروری کو کئی اسکولوں کو دھمکی آمیز کالیں موصول ہوئیں، جس کے بعد پولیس کی طرف سے اسکولوں کی پوری طرح سے چھان بین کی گئی اور الارم بجا کر بچوں کو خطرے کی صورت حال میں تیار رہنے کی تربیت کرائی گئی۔

26 جنوری کو بھی لندن سمیت مڈ لینڈز کے متعدد اسکولوں کو اسی طرح کی دھمکی آمیز کالیں موصول ہوئیں تھیں، جس کے بعد پولیس کی طرف سے اسکولوں کی تلاشی کے لئے ہزاروں طلبہ سے اسکول خالی کرا لیا گیا تھا۔

پولیس نے اس واقعے کے بعد ایک بیان میں کہا تھا کہ لندن کے اسکولوں میں ان کالز کے واقعے کو خطرے کی دھمکی کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

ایک 14 سالہ لڑکے کو برمنگھم کے گریٹ کمپری ہینسیو اسکول کو دھمکی آمیز کال کرنے کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ برمنگھم کی اولڈ بیری اکیڈمی دھمکی آمیز کالوں کی وجہ سے بارہ روز میں چار بار خالی کرائی جا چکی ہے۔

اخبار گارڈین کے مطابق اس واقعے کے بعد ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ 'ٹو کے ​16' نے دھمکی آمیز کالیں کرنے کی ذمہ داری قبول کی تھی، جس کی وجہ سے ایک ہی روز درجنوں برطانوی اور فرانسیسی اسکولوں کو خالی کرانا پڑا تھا۔ یہ اکاؤنٹ اس کے بعد سے معطل ہے۔

برطانوی محکمہ تعلیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انھیں اسکولوں کے حوالے سے اسی طرح کے کئی واقعات کا علم ہے اور وہ صورت حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کسی بھی اسکول کو اگر اس طرح کے خطرے کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو وہاں پولیس اور مقامی حکام کے ساتھ مل کر واضح ہنگامی انتظامات کئے جائیں گے۔

برطانیہ میں بم کی جھوٹی اطلاع دینے پر سات سال جیل کی سزا ہے۔

XS
SM
MD
LG