رسائی کے لنکس

برطانیہ: برفباری اور سخت سردی، معمولاتِ زندگی متاثر


ملک کے بیشترحصوں میں جمعہ کے روز برف کے طوفان نے سڑکوں پر تباہی مچادی۔ برفباری کے ساتھ 65 میل فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں سے بجلی کے کیبل میں خرابی پیدا ہوگئی، جس کی وجہ سے برطانیہ کے ایک لاکھ گھر بجلی سے محروم ہوگئے

برطانیہ میں برفباری، برف اور شدید سردی کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ملک کے بیشتر حصوں میں برف باری اور برفیلی تیز ہواؤں کی وجہ سے ٹرین سروس اور پرازیں معطل ہوئیں ہیں۔

برطانیہ کی مختلف شہروں کو ملانے والی کئی اہم شاہراہوں پر گاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، جبکہ برفباری کے نتیجے میں، ملک کے کئی حصوں میں ہزاروں مکانات سخت سردی میں بجلی سے محروم ہوگئے۔

برطانیہ کے بیشترحصوں میں جمعہ کے روز برف کے طوفان نے سڑکوں پر تباہی مچادی۔ برفباری کےساتھ65 میل فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں سے بجلی کے کیبل میں خرابی پیدا ہوگئی، جس کی وجہ سے برطانیہ کے ایک لاکھ گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔

گذشتہ روز کی برف باری سے یورک شائر، اسٹیفورڈ شائر، ڈربی شائر سمیت ویلز کےعلاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے، جہاں کی اہم شاہراہوں پر مسلسل 12 گھنٹوں کی برف باری کے بعد 5 انچ تک برف جم گئی،جس کی وجہ جگہ جگہ گاڑیاں کے پھسلنے کے واقعات رونما ہوئے۔ جبکہ، سینکڑوں مسافروں نے رات کے اندھیرے میں مجبوراً سڑک پر گاڑی چھوڑ کر پیدل سفر کیا۔ برطانیہ کی اہم موٹروے 'ایم ان' پر ٹرک الٹنے کے نتیجے میں سٹرک جام ہوگئی اور لوگوں کو سخت سردی میں رات سڑک پر ہی گزارنی پڑی۔

مشرقی مڈلینڈ اور یورک شائر میں مسلسل کئی گھنٹوں کی برف باری کی وجہ سے شاہراہوں پر گاڑیاں پھسلنے کے واقعات رونما ہوئے، صرف لنکاشائر کی پولیس نے ایک رات میں 35 ٹریفک کے حادثات رپورٹ کیے ہیں۔

شیفلیڈ کی موٹروے پر لندن جانے والی ایک بس میں خرابی پیدا ہو جانے کی وجہ سے 30 مسافروں کو چرچ میں رات گزارنی پڑی۔

برف باری نے جہاں سڑک کے ذریعے آمد و رفت کو متاثر کیا وہیں فضائی سفر میں بھی مشکلات پیدا کیے۔ برطانیہ کے کئی ہوائی اڈے شدید برفباری کی نتیجے میں بند کر دئیے گئے اور بہت سے ہوائی اڈوں پر پراوزیں معطل ہوئیں خاص طور پر، لیور پول اور لیڈز بریڈ فورڈ کے ہوائی اڈوں پر کل تمام پروازیں منسوخ رہیں۔ تاہم، ہفتے کے روز لیڈز اور لیور پول ہوائی اڈوں کو معمول کے مطابق کھول دیا گیا ہے۔

برطانوی محکمہٴموسمیات کے ادارے نے مزید برف باری اور برف کے خطرے سے آگاہ کرنے کے لیے، ملک کے بیشتر حصوں کے لیے خطرے کے انتباہ کے زرد درجے کا اعلان کیا ہے۔

ماہرین موسمیات نے پیشن گوئی کی ہےکہ لندن، مشرقی مڈلینڈز اور جنوبی مڈ لینڈز، شمالی آئرلینڈ اوراسکاٹ لینڈ سمیت ملک کے شمالی حصوں میں آج ہفتے سے آئندہ بدھ تک شدید موسم رہے گا۔

موسمیاتی ماہرین نے کہا ہے آج کی رات برطانیہ میں اس سال کی سب سے سرد رات ہو سکتی ہے۔ جس میں درجہ حرارت نقطئہ انجماد سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے گر جائے گا، جبکہ، اتوار اور پیر کے روز درجہ حرارت میں مزید کمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

برطانیہ کے بیشتر حصوں نے اسوقت برف کی چادر اوڑھ رکھی ہے اور محکمہٴ موسمیات نے مزید برفباری کی پیشن گوئی کرتے ہوئےلوگوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے میں اجتناب برتیں۔

XS
SM
MD
LG